Tuesday, 10 January 2017

برنگ آئینہ یاں رہ نہیں عشق مجازی کو

برنگ آئینہ یاں رہ نہیں عشق مجازی کو
صفائے قلب نے حاصل کیا ہے پاکبازی کو
ہماری خاک کو اے شہ سوارو عرش دکھلایا
خدا ہمت زیادہ دے تمہاری تُرک تازی کو
مآل کار ہے دعوٰئ باطل کا پشیمانی
خدا سے اے بتو سیکھو طریقِ کارسازی کو
جلا کرتی ہے گھل گھل کر ہمیشہ شمع کافوری
یہ کس گورے بدن کی اس نے دیکھا ہے گدازی کو
نہیں غم تیغِ ابروئے صنم سے قتل ہونے کا
شہادت بھی، بمنزل فتح کے ہے، مرد غازی کو
فزوں کعبے سے بھی سجدہ طلب، محراب ابرو ہے
جھکانی پڑتی ہے گردن نمازی بے نمازی کو
بتوں نے کج ادائی کی تو کی شکوہ نہیں اس کو
خدا بھی کام فرماتا ہے ہم سے بے نیازی کو
خیال زلف مشکیں روح کو قالب میں آفت ہے
مکان تنگ میں کوڑا غضب ہے اسپ تازی کو
دلا دیں یاد خورشیدِ قیامت کو وہ رخسارے
بھلا دے زلف شبگوں روز محشر کی درازی کو
کفن خلعت ہے، میں دُولہ، جنازہ تختِ دامادی
براتی نوحہ گر ہمراہ ہیں شہنا نوازی کو
زباں کو بند کر آتشؔ، بس اب اس یاوہ گوئی سے
گوارہ کیجیے تا کے تِری بے امتیازی کو

حیدر علی آتش

No comments:

Post a Comment