Wednesday, 23 March 2022

ان کے ہونٹوں پہ لگے صبر کے تالوں کی طرف

 ان کے ہونٹوں پہ لگے صبر کے تالوں کی طرف

تُو نے دیکھا ہے کبھی چاہنے والوں کی طرف

یہ صِلہ دشت ملا تجھ سے رفاقت کا مجھے

خاک اڑ اڑ کے چلی آتی ہے بالوں کی طرف

سچ تو یہ ہے کہ کبھی راس نہ آتے منظر

ہم سیاہ بخت اگر آتے اُجالوں کی طرف

لوگ معلوم ہے انگلی بھی اٹھا سکتے تھے

ہم محبت میں بُرے سوختہ حالوں کی طرف

رُوکھی سُوکھی ہی سہی اپنی کمائی کھائی

ہم نہیں دیکھتے اوروں کے نوالوں کی طرف

ہو بھی سکتا ہے بچاؤ کا وسیلہ ٹھہرے

پھینک دوں تنکا اگر ڈوبنے والوں کی طرف


کومل جوئیہ

No comments:

Post a Comment