Thursday, 6 October 2016

اس کو بھی ہم سے محبت ہو ضروری تو نہیں

اس کو بھی ہم سے محبت ہو ضروری تو نہیں
عشق ہی عشق کی قیمت ہو ضروری تو نہیں
ایک دن آپ کی برہم نِگہی دیکھ چکے
روز اک تازہ قیامت ہو ضروری تو نہیں 
میری شمعوں کو ہواؤں نے بجھایا ہو گا
یہ بھی ان کی شرارت ہو ضروری تو نہیں
اہلِ دنیا سے مراسم بھی برتنے ہوں گے
ہر نفس صَرفِ عبادت ہو ضروری تو نہیں
دوستی آپ سے لازم ہے مگر اس کے لیے
ساری دنیا سے عداوت ہو ضروری تو نہیں
پُرسشِ حال ہو تم آؤ گے اس وقت مجھے
لب ہلانے کی بھی طاقت ہو ضروری تو نہیں
باہمی ربط میں رنجش بھی مزا دیتی ہے
بس محبت ہی محبت ہو ضروری تو نہیں
ایک مصرع بھی جو زندہ رہے کافی ہے صباؔ
میرے ہر شعر کی شہرت ہو ضروری تو نہیں

صبا اکبر آبادی

No comments:

Post a Comment