Tuesday, 3 January 2017

پاس ہوتا ہے دور ہوتا ہے

پاس ہوتا ہے دور ہوتا ہے
وہ شبِ غم ضرور ہوتا ہے
دل میں ان کا ظہور ہوتا ہے
میرا سینہ بھی طور ہوتا ہے
کچھ حقیقت نہ ہو محبت کی 
نشہ سا اک ضرور ہوتا ہے
سجدہ کرتا ہوں ان کو مستی میں
کتنا رنگیں قصور ہوتا ہے
تیرا قشقہ ارے معاذ اللہ
شامِ دار السرور ہوتا ہے
جتنا اسکی طرف میں کھینچتا ہوں
اور وہ مجھ سے دور ہوتا ہے
تیری آنکھیں ارے معاذ اللہ
بے پئے بھی سرور ہوتا ہے
کیا حدیثِ نقاب و رخ کہیۓ
نور بالائے نور ہوتا ہے
ہم بھی چاہیں جو غم سے تنگ آ کر
تُو کہاں دل سے دور ہوتا ہے
جب بھی آتا ہے بزم میں ساغرؔ
نشہ میں چور چور ہوتا ہے

ساغر نظامی

No comments:

Post a Comment