Monday, 9 January 2017

عشرتی گھر کی محبت کا مزا بھول گئے

عشرتی کے نام

عشرتی گھر کی محبت کا مزا بھول گئے
کھا کے لندن کی ہوا، عہدِ وفا بھول گئے
پہنچے ہوٹل میں تو پھر عید کی پروا نہ رہی
کیک کو چکھ کے سویّوں کا مزا بھول گئے
بھولے ماں باپ کو اغیار کے چرچوں میں وہاں
سایۂ کفر پڑا، نورِ خدا بھول گئے
موم کی پتلیوں پر ایسی طبیعت پگھلی
چمنِ ہند کی پریوں کی ادا بھول گئے
کیسے کیسے دل نازک کو دُکھایا تم نے
خبرِ فیصلۂ روز جزا بھول گئے
بخل ہے اہلِ وطن سے جو وفا میں تم کو
کیا بزرگوں کی وہ سب جو دوعطا بھول گئے
نقل مغرب کی ترنگ آئی تمہارے دل میں
اور یہ نکتہ کہ مِری اصل ہے کیا بھول گئے
کیا تعجب ہے جو لڑکوں نے بھُلایا گھر کو
جب کہ بوڑھے روشِ دینِ خدا بھول گئے

اکبر الہ آبادی

1 comment: