کیا خبر، کس کی وہ داستاں ہوئے گی
جو ترے آنسوؤں سے بیاں ہوئے گی
سرحدِ جاں سے جس روز گزریں گے ہم
جانے اس شامِ غم تُو کہاں ہوئے گی
دیکھ پائے گا کون آگ کے اُس طرف
یہ تو ممکن ہے ہم شہرِ جاں میں نہ ہوں
پر وہاں ہوں گے ہم، تُو جہاں ہوئے گی
میری سانسوں میں اک سانس تیری بھی ہے
جب یہ تھم جائیں گی، وہ رواں ہوئے گی
چاند ابھرے گا اب تیری پا زیب سے
تیرے پیروں کی خاک آسماں ہوئے گی
مجھ کو تقسیم کر دے گی اطراف میں
اور تُو خود کہیں درمیاں ہوئے گی
خواب اتریں گے تیری ہتھیلی پہ جب
تُو بھی اس روز خود پہ عیاں ہوئے گی
دل بچھا دیں گے آنگن سے دہلیز تک
جب کبھی تُو وہاں میہماں ہوئے گی
خود ہدف اڑ کے پہنچیں گے تیروں تلک
تیرے ہاتھوں میں جس دن کماں ہوئے گی
ہم کھنچے آئیں گے مسجدِ عشق میں
جب بھی مینارِ جاں سے اذاں ہوئے گی
چوم لیتی تھی وہ میرے آنسو حسنؔ
میری ماں جیسی کیا کوئی ماں ہوئے گی
حسن عباس رضا
No comments:
Post a Comment