ہر گھڑی تلخ ہے
زندگی تلخ ہے
جہل ہے تیرگی
آگہی تلخ ہے
عشق آزارِ جاں
ہجر بھی تلخ ہے
بھوک آسیب ہے
نوکری تلخ ہے
جو کہی، نرم تھی
ان کہی تلخ ہے
موت تو موت ہے
سانس بھی تلخ ہے
جانور مہرباں
آدمی تلخ ہے
چار سو زہر ہے
ہر کوئی تلخ ہے
بختِ انسانِ نو
تلخ ہی تلخ ہے
بات کرتے رہو
خامشی تلخ ہے
افتخار آپ کی
شاعری تلخ ہے
افتخار حیدر
No comments:
Post a Comment