Tuesday, 12 January 2021

سر سے خوشیوں کی بلا آج تو ٹالی جائے

 سر سے خوشیوں کی بلا آج تو ٹالی جائے

قہقہے ہونٹ سے اور ہاتھ سے تالی جائے

جیب کا بوجھ بڑھاتے ہوئے سِکوں کے عوض

کیوں نہ مجبور فقیروں سے دعا لی جائے

کتنی لذت ہے ان آنکھوں کو لہو کرنے میں

دل یہ چاہے کہ شبِ ہجر بڑھا لی جائے

تہمتیں ہیں کہ وراثت میں ملی ہیں ہم کو

ہاں ضروری ہے یہ جاگیر سنبھالی جائے

اس لیے میں نے جھکایا ہے یہ سر مقتل میں

میرے دشمن کا کوئی وار نہ خالی جائے

دل یہ چاہے تجھے آنکھوں میں مقید کر لیں

دل یہ چاہے تِری تصویر بنا لی جائے

یہ بھی چاہوں کہ اندھیروں کی قسم کھاتا رہوں

یہ بھی چاہوں کہ کوئی شمع جلا لی جائے

شاعری میں یہی عباس ہنر جانا ہے

شعر کہنا ہو تو محسن سے ادا لی جائے


حیدر عباس

No comments:

Post a Comment