Thursday, 1 April 2021

امید صبح بہاراں خزاں سے کھینچتے ہیں

امیدِ صبحِ بہاراں خزاں سے کھینچتے ہیں

یہ تیر روز دلِ ناتواں سے کھینچتے ہیں

کشیدِ تشنہ لبی قطرہ قطرہ پیتے ہیں

یہ آبِ تلخ غمِ رفتگاں سے کھینچتے ہیں

میں ان سے لقمۂ طیّب کی داد کیا چاہوں

جو اپنا رزق دہانِ سگاں سے کھینچتے ہیں

سبُو سے لذتِ یک گونہ لیتے ہیں، لیکن

خمارِ خاص لبِ دوستاں سے کھینچتے ہیں

دکھائی پڑتا ہے اعداء میں ایک چہرۂ دوست

سو ہاتھ صاحبو سیف و سناں سے کھینچتے ہیں

خیالِ تازہ سے کرتے ہیں خوابِ نو تخلیق

ظفر زمینیں نئی آسماں سے کھینچتے ہیں


ظفر عجمی

No comments:

Post a Comment