Thursday, 20 May 2021

دھنک کے رنگ چرا لیں ہمارا بس جو چلے

 دھنک کے رنگ چُرا لیں ہمارا بس جو چلے

تری ہتھیلی میں ڈالیں ہمارا بس جو چلے

بنا کے وقت کا کوئی وجود سورج سا

اسے ڈبوئیں نکالیں ہمارا بس جو چلے

یہ چاند گیند کے جیسے اچھالتے جائیں

ستارے جیب میں ڈالیں ہمارا بس جو چلے

تمہاری مٹی کو گوندھیں ہم اپنی مٹی میں

پھر ایک جسم میں ڈھالیں ہمارا بس جو چلے

زمیں نے باندھ کے رکھا ہے جس کشش سے یہ چاند

تمہیں یوں خود سے لگا لیں ہمارا بس جو چلے

یہ کارِ عشق جنوں ہے، نہ جان شیشہ گری

تمہیں تو نوچ کے کھا لیں ہمارا بس جو چلے

فراق در پہ بوقتِ وصال آ پہنچے

تو سات جنموں پہ ٹالیں ہمارا بس جو چلے

تمہیں پہن لیں ہم اپنے وجود پر منصور

تمہیں لباس بنا لیں ہمارا بس جو چلے


منصور راٹھور

No comments:

Post a Comment