Thursday, 20 May 2021

نمایاں جب وہ اپنے ذہن کی تصویر کرتا ہے

 نمایاں جب وہ اپنے ذہن کی تصویر کرتا ہے

ہر اک اہلِ محبت کو بہت دل گیر کرتا ہے

وہ کیوں مسرور ہوتا ہے ہمارا خون بہنے سے

سر حق کس لیے ظالم تہِ شمشیر کرتا ہے

وفا کا نام لیتا ہے وفا نا آشنا ہو کر

وہ خود کو انتہائی پارسا تعبیر کرتا ہے

جسے محروم ہونا ہے وہی ہے مطمئن یارو

جو ہے نصرت کا طالب ہر قدم تدبیر کرتا ہے

ہر اک انسان کے اعمال بھی یکساں نہیں ہوتے

کوئی گھر توڑ دیتا ہے کوئی تعمیر کرتا ہے

صداقت پر کبھی ان کا اثر ہونے نہیں پاتا

وہ اپنے کارناموں کی بہت تشہیر کرتا ہے

کوئی بھی مسئلہ ابرار حل ہونے نہیں پاتا

مسائل وہ ہمارے صورتِ کشمیر کرتا ہے


ابرار کرتپوری

No comments:

Post a Comment