Wednesday, 2 June 2021

آج پھر سر مقتل دے کے خود لہو ہم نے

 آج پھر سر مقتل دے کے خود لہو ہم نے

تیغِ دستِ قاتل کی رکھ لی آبرو ہم نے

جان غنچہ و لالہ روح رنگ و بو ہم نے

آپ کو بنایا ہے کتنا خوبرو ہم نے

جب بھی لطف ساقی میں فرق آتے دیکھا ہے

بڑھ کے توڑ ڈالے ہیں ساغر و سبو ہم نے

بارہا زبانوں پر لگ گئی ہے پابندی

بارہا نگاہوں سے کی ہے گفتگو ہم نے

راہِ شوق میں اکثر وہ بھی وقت آیا ہے

جب کیا ہے ہاتھوں سے خونِ آرزو ہم نے

شہر ہو، بیاباں ہو، دار ہو کہ زنداں ہو

نغمے زندگی ہی کے گائے چار سُو ہم نے


واحد پریمی

No comments:

Post a Comment