عارفانہ کلام نعتیہ کلام
علاج کلفتِ ہر دل فگار تُوﷺ نے کیا
گرے ہووں سے، یتیموں سے پیار توؐ نے کیا
عطا کی تو نے فقیروں کو بھی جہانگیری
جو رہ نشیں تھے انہیں تاجدار توؐ نے کیا
سنائی دشمنِ جاں کو نوید؛ لا تثریب
جو کر سکا نہ کوئی بار بار توؐ نے کیا
عطا کی دیدۂ بے نور دل کو بینائی
حریم تیرۂ دل نور بار توؐ نے کیا
جو کنز مخفی کی صورت رہا ہمیشہ سے
وہ رازِ حسنِ ازل آشکار توؐ نے کیا
اے یاد مصطفویؐ تجھ پہ ہوں ہزاروں سلام
ہر اک سرشک میں پیدا نکھار توؐ نے کیا
کھلے ہوئے ہیں ہر اک سمت نعت کے غنچے
میرا حدیقۂ دل پُر بہار توؐ نے کیا
سید شاکرالقادری
No comments:
Post a Comment