Wednesday, 10 January 2024

جاتے ہو کہاں دوش پہ زلفوں کو سنبھالے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


جاتے ہو کہاں دوش پہ زلفوں کو سنبھالے

مقتول کی مظلوم کی آغوش کے پالے

نازک ہیں بہت پاؤں میں پڑ جائیں گے چھالے

قربان میں اے راہِ نجف پوچھنے والے

یہ قصۂ غم سیِّدِ والا سے کہو گے

لُوٹا ہے مسلمانوں نے، دادا سے کہو گے

اسلام کہیں شرم سے گردن نہ جھکا لے

قربان میں اے راہِ نجف پوچھنے والے

گھبرا کے اس آفت سے کہیں دور نہ جانا

اولادِؑ پیمبرﷺ کا مخالف ہے زمانا

رستوں کو ہیں روکے ہوئے کوفے کے رسالے

قربان میں اے راہِ نجف پوچھنے والے

مقتل میں ذرا گورِ غریباں تو بنا دو

لاشے تو شہیدوں کے تہِ خاک چھپا دو

کُشتے یہ غریبوں کے کیے کس کے حوالے

قربان میں اے راہِ نجف پوچھنے والے

گزری ہے جو غربت میں وہ دنیا کو سنادو

کوفے کو چلو، شام کی بنیاد ہلادو

قاتل نہ زمانے سے کوئی ظلم چھپا لے

قربان میں اے راہِ نجف پوچھنے والے

تاریخ میں رہ جائے گی یہ چاند سی صورت

اس عہد سے چمکو گے یونہی تا بہ قیامت

باطل کے اندھیرے میں حقیقت کے اُجالے

قربان میں اے راہِ نجف پوچھنے والے


نجم آفندی

No comments:

Post a Comment