Sunday, 7 January 2024

فلسطینی بچوں کے نام اک بات ہمیشہ یاد رہے

 فلسطینی بچوں کے نام 


اک بات ہمیشہ یاد رہے

ہم جہاں جہاں بھی رہتے ہیں

ہم جہاں جہاں بھی جا کے رہے

ہم جہاں جہاں بھی جاٸیں گے

اک طبقہ ایک کلاس ہماری قاتل ہے

مذہب کی کہانی جُھوٹی ہے

جنگوں کے ترانے جُھوٹے ہیں

دہشت گردی سے امن تلک 

سارے ہی فسانے جُھوٹے ہیں

اک بات ہمیشہ یاد رہے

ہم غزہ سے کشمیر تلک

اور سُولی سے زنجیر تلک

ہم سب پیسے کے نیزے کی انّی پر ہیں

اک طبقہ پیسے کی خاطر پیچھے بیٹھا

سارے کا سارا قاتل ہے

قاتل ہے ہمارا قاتل ہے

یہ اِچھا دھاری قاتل ہے

اور باری باری قاتل ہے

اک بات ہمیشہ یاد رہے

اس مذہب، ملک، مسیحائی میں مت آنا

یہ دھوکہ ہے

یہ یو این او، اور انسانی تنظیمیں بھی

سب دھوکہ ہے

ان میں بیٹھا

ایک ایک مداری قاتل ہے

ایک ایک شکاری قاتل ہے

اک بات ہمیشہ یاد رہے

سرمایہ داری قاتل

اک بات ہمیشہ یاد رہے

سرمایہ داری قاتل


فرحت عباس شاہ

No comments:

Post a Comment