Saturday, 2 January 2016

مجھے چھیڑنے کو ساقی نے دیا جو جام الٹا

مجھے چھیڑنے کو ساقی نے دیا جو جام الٹا
تو کِیا بہک کے میں نے اسے اِک سلام الٹا
سحر ایک ماش پھینکا مجھے جو دکھا کے ان نے
تو اشارا میں نے تاڑا کہ ہے لفظِ شام الٹا
یہ بلا دھواں نشہ ہے مجھے اس گھڑی تو ساقی
کہ نظر پڑے ہے سارا در و صحن و بام الٹا
بڑھوں اس گلی سے کیونکر کہ وہاں تو میرے دل کو
کوئی کھینچتا ہے ایسا کہ پڑے ہے گام الٹا
درِ میکدہ سے آئی مہک ایسی ہی مزے کی
کہ پچھاڑ کھا گرا وہاں دلِ تشنہ کام الٹا
نہیں اب جو دیتے بوسہ تو سلام کیوں لیا تھا
مجھے آپ پھیر دیجے وہ مِرا سلام الٹا
لگے کہنے، آبِ مائع تجھے ہم کہا کریں گے
کہیں ان کے گھر سے بڑھ کر جو پھرا غلام الٹا
مجھے کیوں نہ مار ڈالے تِری زلف الٹ کے کافر
کہ سکھا رکھا ہے تُو نے اسے لفظِ رام الٹا
نِرے سیدھے سادھے ہم تو بھلے آدمی ہیں یارو
ہمیں کَج جو سمجھے سو خود ولد الحرام الٹا
تُو جو باتوں میں رکے گا تو یہ جانوں گا کہ سمجھا
مِرے جان و دل کے مالک نے مِرا کلام الٹا
فقط اس لفافے پر ہے کہ خط آشنا کو پہنچے
تو لکھا ہے اس نے انشاؔ یہ تِرا ہی نام الٹا

انشا اللہ خان انشا

No comments:

Post a Comment