Friday, 6 January 2017

ہر قدم زحمتیں ہر نفس الجھنیں زندگی وقف ہے دردِ سر کے لئے

ہر قدم زحمتیں ہر نفس الجھنیں زندگی وقف ہے دردِ سر کے لیے
پہلے اپنے ہی درماں کا غم تھا ہمیں اب دوا چاہیۓ چارہ گر کے لیے
آج اک اجنبی سے نگاہیں ملیں صرف اک لمحۂ مختصر کے لیے
زندگی اس طرح مطمئن ہو گئی جیسے کچھ پا لیا عمر بھر کے لیے
رائیگاں کیجیے آپ سجدے مرے، میرا کیا ہے میں اٹھ کر چلا جاؤں گا
کل کہیں آپ ہی کو نہ کہنا پڑے، اک جبیں چاہیۓ سنگِ در کے لیے
میں نے بخشی ہے تاریکیوں کو ضیا اور خود اک تجلی کا محتاج ہوں
روشنی دینے والے کو بھی کم سے کم اک دِیا چاہیۓ اپنے گھر کے لیے
اے شکیلؔ انکی محفل میں بھی کیا ملا، اور کچھ بڑھ گئیں دل کی بیتابیاں
سب کی جانب رہی وہ نگاہِ کرم ، ہم ترستے رہے اک نظر کے لیے

شکیل بدایونی

No comments:

Post a Comment