Saturday, 7 January 2017

ہڈسن اور کورنگ کے بیچ اک لمبی دوری

ہڈسن اور کورنگ

ہڈسن اور کورنگ کے بیچ
اک لمبی دوری
جانے کتنے دریا
کتنے صحرا اور سمندر
ان دونوں کی راہ میں حائل ہیں 

دونوں میں پانی کا بہاؤ
اک جیسا ہے
دونوں ایک ہی رخ بہتے ہیں
پھر بھی کسی دوآبے
کسی بھی موڑ پہ آ کر مل نہیں پاتے
اور یہی تو دکھ ہے اپنا
جب تک دونوں
کسی بھی موڑ پہ نہیں ملیں گے
ہجر کے گھاؤ
زخم فراق کے نہیں سلیں گے
وصل کے غنچے
نہیں کھلیں گے

حسن عباس رضا 

٭    ہڈسن: نیویارک کا دریا
٭٭ کورنگ: اسلام آباد کا دریا

No comments:

Post a Comment