Thursday, 15 October 2020

کس دل سے ترک لذت دنیا کرے کوئی

 کس دل سے ترکِ لذتِ دنیا کرے کوئی

وہ خوابِ دلفریب کہ دیکھا کرے کوئی

کیا سہل ہے کہ ترکِ تماشہ کرے کوئی

دل سے نہ ہو تو آنکھ سے توبہ کرے کوئی

غنچے کے دل میں کچھ نہ تھا اک آہ کے سوا

پھر کیا شگفتگی کی تمنا کرے کوئی

آنکھیں ہوں جس کے آنکھوں ہی آنکھوں میں تاڑ لے

درد اپنا وہ نہیں کہ ٹٹولا کرے کوئی

دل مضطرب، نگاہ گرفتار شش جہت

فرمائیے، کدھر کا ارادہ کرے کوئی

یادش بخیر یادِ خدا آ ہی جاتی ہے

اپنی طرف سے لاکھ بھُلایا کرے کوئی

اس کی نگاہِ شوق کے قربان جائیے

تجھ ایسے بے نشاں کو جو پیدا کرے کوئی

طاعت ہو یا گناہ، پسِ پردہ خوب ہے

دونوں کا جب مزہ ہے کہ تنہا کرے کوئی

بندے نہ ہوں گے جتنے خدا ہیں خدائی میں

کس کس خدا کے سامنے سجدہ کرے کوئی

حسن یگانہ آپ ہی اپنا حجاب ہے

حسنِ حجاب دور سے دیکھا کرے کوئی


یاس یگانہ

No comments:

Post a Comment