Saturday, 14 August 2021

گلوں کے چہرۂ رنگیں پہ وہ نکھار نہیں

 گلوں کے چہرۂ رنگیں پہ وہ نکھار نہیں

بہار آئی مگر عالم‌ بہار نہیں

جو ہاتھ آتا ہے دامن تو چھوڑ دیتا ہوں

جنوں نواز ابھی موسم بہار نہیں

کسی کی یاد کا عالم نہ پوچھئے مجھ سے

کبھی قرار ہے دل کو کبھی قرار نہیں

یہ بانکپن یہ ادا یہ شباب کا عالم

تم آ گئے تو کسی کا اب انتظار نہیں

بہار پر بھی خزاں ہی کا رنگ غالب ہے

ہوا زمانے کی گلشن کو سازگار نہیں

ہمارے سامنے وہ ہیں کہیں یہ خواب نہ ہو

اب اپنی آنکھوں پہ بھی ہم کو اعتبار نہیں

خود آ گئے ہیں سمٹ کر نگاہ میں جلوے

وصال دوست ہے یہ رنج انتظار نہیں

ہماری آبلہ پائی کا فیض کیا کہئے

وہ کون سا ہے بیاباں جو لالہ زار نہیں

بتوں کو پوج رہا ہے ترے تصور میں

گناہ کر کے بھی فیضی گناہگار نہیں


فیضی نظام پوری

No comments:

Post a Comment