عارفانہ کلام نعتیہ کلام
پیمبروں کے بیانوں میں گونجنے والا
وہ نام سارے زمانوں میں گونجنے والا
بس ایک نام انہی کا خدا کے نام کے بعد
مؤذنوں کی اذانوں میں گونجنے والا
ہے اسمِ سید و سالار و سرورِ عالمﷺ
دلوں میں، ذہنوں میں، جانوں میں گونجنے والا
بہ شکلِ مدحت و نعت و قصیدہ و توصیف
وہ نام ساری زبانوں میں گونجنے والا
وہ دخترانِ سرِ بام و دف بکف انور
وہ نام ان کے ترانوں میں گونجنے والا
انور مسعود
No comments:
Post a Comment