Monday, 22 November 2021

بلند ہاتھ میں کاسہ ہے دست خالی کا

عارفانہ کلام نعتیہ کلام


بلند ہاتھ میں کاسہ ہے دستِ خالی کا

حرم کی سمت سفر ہے یہ مجھ سوالی کا

کبھی کبھی میری آنکھوں میں آ کے دیکھتی ہے

یہ اشتیاق عجب ہے لہو کی لالی کا

خیال بس میں نہیں لفظ دسترس میں نہیں

قصیدہ کیسے کہوں پیکرِ مثالی کا

مجال کیا کہ سمندر کو میں سمیٹ سکوں

کہ میرا ظرف ہے ٹوٹی ہوئی پیالی کا

ملالِ بے ہنری کی چھپاؤں آپ سے میں

کہ مجھ کو رنج ہے خود اپنی بے کمالی کا

میں اپنے کرب کو سب سے زیادہ جانتا ہوں

سو ترجمان ہوں اپنی ہی خستہ حالی کا

بتاؤں کیسے برگ و ثمر کے ہوتے ہوئے

میری زمیں پہ موسم ہے خشک سالی کا


سعود عثمانی

No comments:

Post a Comment