عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
قائم مِرا بھرم رہے اللہﷻ کے نام سے
دل ضو فشاں رہے فقط اُس کے کلام سے
’’قائم کرو نماز،۔ اطاعت مِری کرو ‘‘
حکمِ خُدائے پاک ہے ہر خاص و عام سے
اِک دائرے میں شمس و قمر چل رہے ہیں کیوں
یہ بات پوچھ خالقِ ہر صبح و شام سے
رب نے نماز میں ہیں کمالات رکھ دئیے
ہر دم سکوں مِلا ہے رکوع و قیام سے
رب تک پہنچنے کا وہی رستہ بتائیں گے
جو پوچھنا ہے پوچھ لو خیرالانامﷺ سے
جس شخص کی نظر ہو شرابِ طہور پر
کیوں منہ لگائے وہ بھلا دُنیا کے جام سے
ہر بندۂ خُدا سے رہے دل کا سلسلہ
ہر آن رابطہ رہے ہر خاص و عام سے
بزمِ جہانِ حمد سجاتا رہوں سدا
کیوں واسطہ رکھوں میں کسی اور کام سے
طاہر! کلامِ پاک کی عظمت نہ پُوچھیے
اک نُور دل کو مِلتا ہے رب کے کلام سے
طاہر سلطانی
No comments:
Post a Comment