Tuesday, 2 March 2021

دشت میں کون کہاں کس کے لیے زندہ ہے

 دشت میں کون کہاں کس کے لیے زندہ ہے

وقت کا سیلِ رواں کس کے لیے زندہ ہے

سانس لیتا ہوں کے کچھ قرض چکانا ہے ابھی

میں تو زندہ ہوں جہاں کس کے لیے زندہ ہے

آ کے رُکتی ہے میری فکر اسی نکتے پر

تو یقیں ہے تو گماں کس کے لیے زندہ ہے

روز میں اس کے تعاقب میں نِکل پڑتا ہوں

مجھ میں ہوتی ہے اذاں کس کے لیے زندہ ہے

جا کہیں اور جلا اپنی امیدوں کے چراغ

کون آتا ہے یہاں کس کے لیے زندہ ہے

کیا مِرے بعد بھی آئے گا کوئی محفل میں

بجھ چلی شمع دھواں کس کے لیے زندہ ہے

قیس دیوار کے سائے میں سکوں نام کی چیز

مجھ سے کہتی ہے میاں کس کے لیے زندہ ہے


ندیم قیس

No comments:

Post a Comment