Tuesday, 23 November 2021

ایماں ملا ہے چاہے فقط نام کا مجھے

 ایماں ملا ہے چاہے فقط نام کا مجھے

کیوں خوف ہو گا پھر برے انجام کا مجھے

فکرِ معاش وجہِ دلِ بے قرار ہے

رہنے دیا نہ اس نے کسی کام کا مجھے

کیوں قوتِ خرید دکھاؤں میں خواہ مخواہ

اندازہ تک نہیں ہے اگر دام کا مجھے

سمجھوں میں کس طرح بھلا اس کو متاعِ زیست

بخشا گیا ہے مال جو نیلام کا مجھے

محوِ سفر ہوں شوق سے کچھ وسوسوں کے سنگ

ادراک ہے اگرچہ ہر اک گام کا مجھے

اک شام لوٹ آئے گا بھولا وہ صبح کا

ہے انتظار ایسی کسی شام کا مجھے

خفگی ہے آپ کی بھی بجا دل سے معذرت

مطلب سمجھ نہ آیا جو پیغام کا مجھے

کچھ خاص لوگ بھی ہیں میرے آشنا مگر

ہر شخص جانتا ہے صفِ عام کا مجھے

طاہر سکون جن سے کبھی مل نہیں سکا

دیتے ہیں مشورہ وہی آرام کا مجھے


طاہر مسعود

No comments:

Post a Comment