Saturday, 16 May 2026

نظر چراتا ہے یوں بھی کچھ آسماں مجھ سے

 نظر چراتا ہے یوں بھی کچھ  آسماں مجھ سے 

میں دو جہان سے واقف ہوں دو جہاں مجھ سے

وفورِ درد کے پاتال تک میں جب پہنچا 

فلک نے کھینچ لیا تب مِرا نشاں مجھ سے

عجیب ہے یہ تعلق کہ دور رہ کر بھی

یہاں میں اُس سے الجھتا ہوں وہ وہاں مجھ سے

کئی برس سے لپٹ کر نہ رو سکا اس سے

کچھ اس لیے بھی خفا ہے مِرا مکاں مجھ سے

بچھڑتے وقت کی سب داستان پوچھتے ہیں

نہیں ہوئی یہ کہانی کبھی بیاں مجھ سے 

میں جب کبھی تِری یادوں پہ تیر کھینچتا تھا

 تو چھین لیتا تھا یکدم کوئی کماں مجھ سے

اُسے میں حشر میں اپنی حیات دے دوں گا

جو ہو گیا ہے محبت میں رائیگاں مجھ سے


سیف الرحمان ہادی

No comments:

Post a Comment