عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
جس کو دیکھو ہے خریدار رسولِ عربیﷺ
مصر سے بڑھ کے ہے بازار رسول عربی
جب خدا خود ہے خریدارِ رسول عربیﷺ
کیوں نہ ہو گرمئی بازارِ رسولِ عربیﷺ
طُور پر دیکھ کے غش جس کو ہوئے تھے موسیٰ
تھا وہ اک پرتوِ رُخسار رسول عربیﷺ
شب معراج کُھلا رازِ خُدا عالم پر
خُود ہوا طالب دِیدارِ رسول عربیﷺ
نظر آتا نہیں کونین میں مُنکر کوئی
دونوں عالم کو ہے اقرارِ رسول عربیﷺ
خواہشِ نفس نے پائی نہ ذرا دل میں جگہ
مرحبا جُوششِ ایثار رسول عربیﷺ
فہم و ادراک سے باہر ہیں رموزِ قُدرت
ہے خُدا کاشفِ اسرارِ رسول عربیﷺ
انبیا اور بھی گُذرے ہیں جہاں میں لیکن
سب سے برتر ہوئے سرکار رسول عربیﷺ
پھول اللہ کی رحمت کے کِھلے ہیں ہر سمت
سبز و شاداب ہے گُلزارِ رسول عربیﷺ
بخش دے اُمتِ عاصی کو مِرے اے غفار
حشر میں ہو گا یہ اصرار رسول عربیﷺ
رعب ایسا تھا کہ کُفّار کے دل دہلتے تھے
دیکھ کر شوکتِ دربارِ رسول عربیﷺ
نہیں مسعود کو دُنیا کی تمنّا یا رب
کر عطا دولتِ دیدارِ رسول عربیﷺ
سید مسعود حسن لکھیم پوری
No comments:
Post a Comment