Wednesday 9 May 2018

اچھی گزر رہی ہے دل خود کفیل سے

اچھی گزر رہی ہے دلِ خود کفیل سے
لنگر سے روٹی لیتے ہیں، پانی سبیل سے
دنیا کا کوئی داغ مرے دل پہ کیا لگے
مانگا نہ اک درہم بھی کبھی اس بخیل سے
کیا بوریا نشیں کو ہوس تخت و تاج کی
کیا خاک آشنا کو غرض اسپ و فیل سے
دل کی طرف سے ہم کبھی غافل نہیں رہے
کرتے ہیں پاسبانئ شر اس فصیل سے
گہوارۂ سفر میں کھلی ہے ہماری آنکھ
تعمیر اپنے گھر کی ہوئی سنگِ میل سے
اک شخص بادشاہ تو اک شخص ہے وزیر
گویا نہیں ہیں دونوں ہماری قبیل سے
دنیا مرے پڑوس میں آباد ہے مگر
میری دعا سلام نہیں اس ذلیل سے
جاوید ایک غم کے سوا دل میں ہے بھی کیا
ہم گھر چلا رہے ہیں متاعِ قلیل سے

احمد جاوید

No comments:

Post a Comment