Showing posts with label کامی شاہ. Show all posts
Showing posts with label کامی شاہ. Show all posts

Wednesday, 29 March 2023

خوب جھگڑا کریں خوب گریہ کریں

 خوب جھگڑا کریں، خوب گِریہ کریں

آؤ مِل جُل کے پھر اِک تماشا کریں

دل نہیں لگ رہا ہے کہیں بھی مِرا

اس اذیت میں تھوڑا اضافہ کریں

ٹُوٹنا دل کا کوئی نئی بات ہے؟

بات بھی ہو کوئی جس کا چرچا کریں

Saturday, 9 April 2022

مجھ سے نفرت شدید کرتا رہا

 مجھ سے نفرت شدید کرتا رہا

کام اپنا یزید کرتا رہا

ذائقہ آب کا نہیں چکھا

اپنی مٹی پلید کرتا رہا

مجھ سے چِڑتا رہا وہ خوش آمیز

میں محبت مزید کرتا رہا

Friday, 21 January 2022

گل کو بوسہ نما بناتے ہوئے

 گل کو بوسہ نما بناتے ہوئے

چل نیا سلسلہ بناتے ہوئے

ایک دریا کے سامنے رہا دل

دشت میں راستہ بناتے ہوئے

آگ پتھر سے آ گئی باہر

رنگ کو خوشنما بناتے ہوئے

Sunday, 5 September 2021

اگر کار محبت میں محبت راس آ جاتی

 اگر کارِ محبت میں محبت راس آ جاتی

تمہارا ہجر اچھا تھا جو وصلت راس آ جاتی

گلا پھاڑا نہیں کرتے رفو دریافت کرنے میں

اگر بے کار رہنے کی مشقت راس آ جاتی

تمہیں صیاد کہنے سے اگر ہم باز آ جاتے

ہمیں بھی اس تماشے میں سکونت راس آ جاتی

Friday, 3 September 2021

سو میں نے عشق کیا صبر اختیار کیا

 سو میں نے عشق کیا، صبر اختیار کیا

اور ایک سبز صحیفے کا اعتبار کیا

وہ سب سے قیمتی شے تھی بدن خزانے کی

چراغِ دل کہ جسے ہم نے نذرِ یار کیا

مجھے سمیٹ لیا مہربان بانہوں نے

کہ میرے گرد گُل و نور نے حصار کیا

Thursday, 2 September 2021

اک نئے مسئلے سے نکلے ہیں

 اک نئے مسئلے سے نکلے ہیں

یہ جو کچھ راستے سے نکلے ہیں

کاغذی ہیں یہ جتنے پیراہن

ایک ہی سلسلے سے نکلے ہیں

لے اڑا ہے تِرا خیال ہمیں

اور ہم قافلے سے نکلے ہیں

ہر ایک گام پہ رنج سفر اٹھاتے ہوئے

 ہر ایک گام پہ رنجِ سفر اٹھاتے ہوئے

میں آ پڑا ہوں یہاں تجھ سے دور جاتے ہوئے

عجیب آگ تھی جس نے مجھے فروغ دیا

اک انتظار میں رکھے دِیے جلاتے ہوئے

طویل رات سے ہوتا ہے برسرِ پیکار

سو چاک تیز ہوا ہے مجھے بناتے ہوئے

ہرِ تاخیر کا خدا ہونا

 ہرِ تاخیر کا خدا ہونا

کتنا مشکل ہے دوسرا ہونا

پھول کھِلنا سنہری ٹہنی پر

اور اس میں بھی واقعہ ہونا

دیکھنے کے لیے ضروری ہے

آنکھ ہونا یا آئینہ ہونا