Tuesday, 13 October 2026

شب فراق مری جان اک عذاب میں ہے

 شبِ فراق مِری جان اک عذاب میں ہے

تڑپ رہا ہے جگر دل بھی اضطراب میں ہے

ہزاروں طالبِ دیدار ٹُوٹے پڑتے ہیں

اگرچہ جلوۂ جاناں ابھی نقاب میں ہے

نگاہ مِلتے ہیں مستانہ کر دیا ساقی

بتائے کوئی یہ مستی کہاں شراب میں ہے

اگرچہ حُسن میں یکتا ہیں خُلد کی حُوریں

کہاں وہ بات جو اس رشکِ ماہتاب میں ہے

سِتم ہے وصل کی شب بھی وہ بُت نہیں کُھلتا

حجاب کا ہے یہ عالم کہ بس حجاب میں ہے

نہ نیند آتی ہے غم میں نہ چین ہے دل کو

نہ پُوچھ ہاجرِ خستہ کس اضطراب میں ہے


ہاجر دہلوی

No comments:

Post a Comment