Showing posts with label عبیدالرحمٰن. Show all posts
Showing posts with label عبیدالرحمٰن. Show all posts

Wednesday, 9 November 2022

ہے آج اندھیرا ہر جانب اور نور کی باتیں کرتے ہیں

 ہے آج اندھیرا ہر جانب اور نور کی باتیں کرتے ہیں

نزدیک کی باتوں سے خائف ہم دور کی باتیں کرتے ہیں

تعمیر و ترقی والے ہیں کہیے بھی تو ان کو کیا کہیے

جو شیش محل میں بیٹھے ہوئے مزدور کی باتیں کرتے ہیں

یہ لوگ وہی ہیں جو کل تک تنظیم چمن کے دشمن تھے

اب آج ہمارے منہ پر یہ دستور کی باتیں کرتے ہیں

Tuesday, 14 December 2021

سوچ رہا ہوں کس سیاہی سے آج کے میں حالات لکھوں

 سوچ رہا ہوں کس سیاہی سے آج کے میں حالات لکھوں

کیسے کر لوں دل پتھر کا، کیسے میں جذبات لکھوں

قتل و غارت، عصمت ریزی، چوری ڈاکہ، خونی کھیل

آج کے دور کے انسانوں کے کیا کیا میں عادات لکھوں

چہرہ چہرہ ایک کھنڈر ہے، آنکھوں میں ہے ویرانی

کس چہرے پر کن آنکھوں پر میں اپنے نغمات لکھوں

Monday, 20 September 2021

پہلے کچھ دن مرے زخموں کی نمائش ہو گی

  پہلے کچھ دن مِرے زخموں کی نمائش ہو گی

پھر مِرے حال پہ اس بت کی نوازش ہو گی

ہاں بظاہر تو دھرا جائے گا قاتل، لیکن

پس پردہ اسی قاتل کی سفارش ہو گی

پیاسی دھرتی یوں ہی پیاسی ہی رہے گی یارو

اور دریا پہ مسلسل یہاں بارش ہو گی

Sunday, 19 September 2021

گمرہی کا مری سامان ہوا جاتا ہے

  گُمرہی کا مِری سامان ہوا جاتا ہے

راستہ زیست کا آسان ہوا جاتا ہے

اک طرف روح کہ پرواز کو جیسے تیار

اک طرف جسم کہ بے جان ہوا جاتا ہے

دشت غربت ہے کہ آباد ہمارے دم سے

گھر کا آنگن ہے کہ ویران ہوا جاتا ہے

اپنا محاسبہ کبھی کرنے نہیں دیا

 اپنا محاسبہ کبھی کرنے نہیں دیا

خود بینیوں نے ہم کو سنورنے نہیں دیا

حالات نے اگرچہ سجھائی گداگری

میری انا نے مجھ کو بکھرنے نہیں دیا

طوفاں سے کھیلنے کا رہا شوق عمر بھر

ساحل پہ جس نے مجھ کو اترنے نہیں دیا

Friday, 6 August 2021

ہم برا کرتے یا بھلا کرتے

 ہم بُرا کرتے یا بھلا کرتے

سوچ کر کوئی فیصلہ کرتے

تم تعلق کا پاس تو رکھتے

خوش نہ کرتے ہمیں خفا کرتے

دوستو کاش دُکھ کے لمحوں میں

تم دوا کرتے، ہم دعا کرتے

Saturday, 10 July 2021

ایک مدت سے جو سینے میں بسا ہے کیا ہے

 ایک مدت سے جو سینے میں بسا ہے کیا ہے

کرب احساس ہے؟ یا کرب انا ہے، کیا ہے؟

دورِ حاضر میں ہر اک شخص ہے کیوں سہما ہوا

دل میں جو خوف ہے، وہ خوف فنا ہے، کیا ہے

مجھ کو اس لفظ کا مفہوم بتا دو یارو

دوستی نام ہے جس کا وہ جفا ہے، کیا ہے