انہیں نگاہ ہے اپنے جمال ہی کی طرف
نظر اٹھا کے نہیں دیکھتے کسی کی طرف
توجہ اپنی ہو کیا فن شاعری کی طرف
نظر ہر ایک کی جاتی ہے عیب ہی کی طرف
لکھا ہوا ہے جو رونا مِرے مقدر میں
خیال تک نہیں جاتا کبھی ہنسی کی طرف
انہیں نگاہ ہے اپنے جمال ہی کی طرف
نظر اٹھا کے نہیں دیکھتے کسی کی طرف
توجہ اپنی ہو کیا فن شاعری کی طرف
نظر ہر ایک کی جاتی ہے عیب ہی کی طرف
لکھا ہوا ہے جو رونا مِرے مقدر میں
خیال تک نہیں جاتا کبھی ہنسی کی طرف
آؤ جاناں! سارے اِختلافات بھلا کر
پُرانے جھگڑے نمٹا کر
آج پھر اُسی کیفے میں مِلتے ہیں
چائے کی اِک اِک پیالی میں
ساری نفرتیں ڈبو دیتے ہیں
پھر سے اک دُوجے کا ہاتھ تھام لیتے ہیں
ہاں کھلونوں کی بِن میں جی لوں گا
مجھ کو روٹی تو دو خُدا کے لیے
میری غُربت تمہیں نِگل لے گی
دُور مجھ سے رہو خدا کے لیے
میں تو پیاسا ہوں ایک مُدت کا
میرا برتن بھرو خدا کے لیے
دشت میں آگ لگانے کے لیے پانی ہے
تو مِری پیاس بڑھانے کے لیے پانی ہے
مجھ کو اک عہد کی میّت پہ گھڑا پھوڑنا ہے
سو مِرے پاس زمانے کے لیے پانی ہے
تیری تصویر بنانے میں لہُو سُوکھ گیا
تیری تصویر مِٹانے کے لیے پانی ہے
میں تھک کے بیٹھ گیا زندگی تو جاری تھی
وہ ایک شام جو خود سے پرے گزاری تھی
وہ ایک دستِ کرم مہربان تھا مجھ پر
تمام جسم پہ زخموں کی دستکاری تھی
وہ پھُول لے کے میرا ساتھ دینے آئی تھی
وہ اس لیے کہ خِزاؤں سے جنگ جاری تھی
مدفون کوئی جسم نہ کوئی کفن میں ہے
بس خاک پر پڑی ہوئی ہر لاش رن میں ہے
اک فصل تھی جو وقت سے پہلے ہی کٹ گئی
ماتم انہیں گُلوں کا جلوسِ چمن میں ہے
کچھ پھُول تین دن سے جُھلستے ہیں پیاس میں
اس غم سے قُربِ نہر کا سبزہ گُھٹن میں ہے
کس جگہ چھوڑا تھا وہ تیر و کماں یاد نہیں
تھا کہیں ساحلِ دریا پہ مکاں یاد نہیں
جانے کس سمت سے جاگے تھے وہ شعلے گھر میں
جانے کس سمت سے نِکلا تھا دُھواں یاد نہیں
مہکے خُوشبو سے تِری کتنے درِیچے دل کے
کس نے دی پھر مِرے لفظوں کو زباں یاد نہیں
وہ دردِ عِشق جو کہ گوارا نہ ہو سکا
اس کے بغیر اپنا گُزارا نہ ہو سکا
تھوڑا سا ساتھ حاصلِ یک عُمرِ آرزو
اس کا ملال کیا کہ وہ اپنا نہ ہو سکا
تسکینِ جان و دیدۂ حیران مرحبا
پردا کسے کہ وعدۂ فردا نہ ہو سکا
الٰہی نزع میں بھی ورد ہو ساقئ کوثر کا
صراحی کی طرح قلقل میں ڈھل جائے میرا منکا
دو عالم کی بلند و پست ہو جاتا ہے آئینہ
لچکنا ہی قیامت ہے، مِری شاخِ نشیمن کا
جہاں بیت الصنم تھا، اب وہیں بیت الحرم ٹھہرا
توارد ہو گیا اس بیت میں شیخ و برہمن کا
اک تماشہ صبح و شام تو ہونا تھا
عشق کِیا تھا پھر بدنام تو ہونا تھا
ہم تھے مُجرم، اپنا جُرم بغاوت تھا
اپنے سر پہ کچھ الزام تو ہونا تھا
حق کوئی کا شیوہ ہم نے اپنایا
بالآخر ہم کو ناکام تو ہونا تھا
اُبھرتے سُورج کا سلام تیرے نام کر دیتا
دن کے سارے تام جھام تیرے نام کر دیتا
سردیوں کی دُھوپ ساری گرمیوں کی چھاؤں بھی
موسموں کی سرد شام تیرے نام کر دیتا
اختیار ہوتا گر اس بہار پر میرا
رنگ و بُو کی انتظام تیرے نام کر دیتا
رِشتوں کو جب دُھوپ دِکھائی جاتی ہے
سِگریٹ سے سِگریٹ سُلگائی جاتی ہے
جِسم ہمارا اک ایسی مِل ہے جس میں
اندھیاروں سے دُھوپ بنائی جاتی ہے
نا سے اس کی شکل مِلانے لگتا ہوں
جب اس کی آواز سُنائی جاتی ہے
طلسم توڑتے ہیں خواب سے نِکالتے ہیں
رقیب کو تِرے گرداب سے نکالتے ہیں
پرندے صرف یہاں مستفید ہوتے نہیں
ہم اپنا رزق بھی تالاب سے نکالتے ہیں
ہمیں بُجھانے کی سازش میں تُو بھی شامل تھا
تُجھے بھی حلقۂ احباب سے نکالتے ہیں
عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
پڑھوں درودِ پاکؐ دل کے اضطراب کے لیے
یہ کیمیا ہے، ہر بلا کے سدِّ باب کے لیے
وہ مستعار لیتے ہیں، ضیا رخِ حضورؐ سے
ہے وجہِ ناز، ماہتاب و آفتاب کے لیے
سراپا نُور سا، تو زُلف لیل کی مثال تھی
تھی جسمِ پاکؐ کی مہک، سند گُلاب کے لیے
بِگاڑ ہو کہ بناؤ، عجیب تیرے سبھاؤ
نگاہوں میں ہیں بُلاوے تو ابروؤں میں تناؤ
گجر بجا ہے سُہانا، مگر کرو نہ بہانہ
جھُکا قمر نہ دکھاؤ، بُجھا چراغ جلاؤ
اگر گھنا ہو اندھیرا، اگر ہو دُور سویرا
تو یہ اُصول ہے میرا کہ دل کے دِیپ جلاؤ
احمد فراز کے نام
تمہارا ہاتھ بڑھا ہے جو دوستی کے لیے
میرے لیے ہے وہ اک یارِ غمگُسار کا ہاتھ
🎕وہ ہاتھ شاخِ گُلشنِ🎕 تمنّا ہے🎕
مہک رہا ہے میرے ہاتھ میں بہار کا ہاتھ
خُدا کرے کہ سلامت رہیں یہ ہاتھ اپنے
عطا ہوئے ہیں جو زُلفیں سنوارنے کے لیے
دوستی کا ہاتھ (ہندوستانی دانشوروں کے نام)
گُزر گئے کئی موسم کئی رُتیں بدلیں
اُداس تم بھی ہو یارو اُداس ہم بھی ہیں
فقط تمہیں کو نہیں رنج چاک دامانی
کہ سچ کہیں تو درِیدہ لباس ہم بھی ہیں
تمہارے بام کی شمعیں بھی تابناک نہیں
مِرے فلک کے ستارے بھی زرد زرد سے ہیں
سُنتا ہُوں کہ اُردُوئے مُعلّیٰ کے سُخنور
“کہتے ہیں کہ غالب کا ہے اندازِ بیاں اور”
اور خود بھی ہے اُس مردِ قلندر کا یہ دعویٰ
حق نے مُجھے بخشا ہے سُخن اور زباں اور
غالب کا ہو اندازِ بیاں لاکھ نِرالا
غالب میں ہے اِک نُدرت پیداؤ نِہاں اور
اِلتجائے مُسافر
فرشتے پڑھتے ہیں جس کو وہ نام ہے تیرا
بڑی جناب تِریﷺ، فیض عام ہے تیرا
ستارے عشق کے تیری کشش سے ہیں قائم
نظامِ مہر کی صُورت نظام ہے تیرا
تِری لحد کی زیارت ہے زندگی دل کی
مسِیحؑ و خضرؑ سے اُونچا مقام ہے تیرا
آج مِلی وہ مُجھے
ایک طویل عرصے کے بعد
اسے مُسکراتا دیکھ کر
میں نے پُوچھ ہی لیا
اور کیا کیا ختم کرو گی
مُجھ سے وابستہ چیزوں میں
خاک سے خاک کی تصویر نکل آتی ہے
پاؤں ہٹتا ہے تو تقدیر نکل آتی ہے
کچھ زباں سے تو کہا جاتا نہیں ہے دن میں
رات تک آپ کی تحریر نکل آتی ہے
بات پر بات نکلتی ہے کوئی حل تو نہیں
بات بڑھتی ہے تو شمشیر نکل آتی ہے
پہونچا میں کُوئے یار میں جب سر لیے ہوئے
نازک بدن نِکل پڑے پتھر لیے ہوئے
اے دوست زندگی کی مجھے بد دُعا نہ دے
میں خاک ہو چکا ہوں مقدّر لیے ہوئے
چلتی ہے روندتی ہوئے پل پل مِرا وجود
ہر سانس خُواہشات کا لشکر لیے ہوئے
تمام خواب ادُھورے اُٹھا کے رکھے ہیں
کبھی تو ہوں گے یہ پُورے اٹھا کے رکھے ہیں
تمہارے نام کا پیکر بنا کے رکھا ہے
تمہارے نام کے چہرے اٹھا کے رکھے ہیں
یہ کیا کہ چاند تو بادل میں جا کے بیٹھا ہے
سو ہم نے جُگنو سُنہرے اٹھا کے رکھے ہیں
مطرب سے نوا رُوٹھ گئی ہے تو مجھے کیا
یہ شمع اگر جل کے بُجھی ہے تو مجھے کیا
میں کوہ و بیاباں کا چہکتا ہُوا پنچھی
ہر شاخ چمن پھُولی پھلی ہے تو مجھے کیا
موسم کی حسِیں تال پہ ناچیں گی فضائیں
یہ بات کسی گُل نے کہی ہے تو مجھے کیا
نگہ نمناک اور میں
یہ ٹوٹے خواب، اور میں
مسلسل گردشوں میں
مِرے دن رات، اور میں
نہیں تھے اس کے قابل
مِری اوقات، اور میں
رسمِ اُلفت کو عام کرنا ہے
زیست کو تیرے نام کرنا ہے
تا قیامت یہ دُنیا یاد کرے
کوئی ایسا بھی کام کرنا ہے
سر راہ سامنا اگر ہو تو
تُجھ کو جھُک کر سلام کرنا ہے
کس قدر خُوش نصیب ہوتے ہیں
جن کے مخلص حبيب ہوتے ہیں
چاہ کر بھی بھُلا نہیں سکتے
حادثے کچھ عجیب ہوتے ہیں
دُشمنوں کی انہیں ضرُورت کیا
آپ جن کے قریب ہوتے ہیں
حضُور آپ کے حُسن و جمال کا عالم
ہے میرے واسطے جنت کے خواب کا عالم
تِری نِِگاہوں میں ساقی مجھے نظر آیا
شراب پینے سے پہلے شراب کا عالم
وہاں کی خاک نہ کیوں آسمان کہلائے
جہاں کے ذرے میں ہے آفتاب کا عالم
طویل رات تھی زُلفوں کا پیچ و تاب نہ تھا
تھا رتجگے کا سماں کوئی مست خواب نہ تھا
پسینہ 🎕گُل🎕 کا نکلتا تو عِطر ہو جاتا
نسیمِ صُبح تھی کچھ سوزِ آفتاب نہ تھا
درخت جھُوم رہے تھے ہوا کی مستی میں
تھا کوئی پاک نشہ،۔ نشۂ شراب نہ تھا
عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
میرے لب پر نام تِرا
ہے یہ خاص انعام ترا
وہ ذرّہ خُورشید بنا
جس پہ ہُوا اِکرام ترا
کوئی تِرا آغاز نہیں
کوئی نہیں انجام ترا
ہمیں معلُوم ہے
شاید تمہیں بھی عِلم ہو کہ
درد کا آشوب، گھر کے شور میں
تنہائیاں تسخِیر کرتا ہے
زمانے بھر کی وحشت کو
در و دِیوار کی تقدِیر کرتا ہے
اس نے کچھ سوچ کر کہا ہو گا
ہم نے مطلب غلط لیا ہو گا
یار مجھ کو نکالو وحشت سے
یار کوئی تو راستہ ہو گا
یہ ہواؤں کا کام ہے ہی نہیں
یہ دِیا 🪔 قتل ہی ہوا ہو گا
زباں ذِکرِ الہیٰ سے کبھی خالی نہیں ہوتی
ہوں جیسے بھی مِرے حالات بدحالی نہیں ہوتی
یہاں زندہ دلوں پر ہی تو خُوشیاں راج کرتی ہیں
اگر چھائی ہو مایوسی تو خُوشحالی نہیں ہوتی
کبھی مُردہ دلوں کی حسرتیں پوری نہیں ہوتیں
مگر ایمانِ کامل سے بداعمالی نہیں ہوتی
خُوش رہیں جی جان سے مُجھ سے خفا ہیں کیا ہُوا
اب نہیں کچھ آرزُو،۔ بیٹی ہوئی، بیٹا ہوا
باتیں ہی باتیں ہیں بس کرنا کرانا کُچھ نہیں
بُڑبڑایا کرتا ہے یونہی مؤا بیٹھا ہوا
جا کے رگڑو ناک کعبے میں بھی اے حجن اگر
مِٹ نہیں سکتا کبھی تقدیر کا لِکھا ہوا
فریبِ طالب
زاہد کی پاک دامنی اور مے کدے کا موڑ
کچھ بولیے گا شیخ کہاں جا رہے ہیں آپ
راہِ وفا میں ہوتی ہیں جُوتوں سے خاطریں
چھوٹی سی گالی کھا کے ہی گھبرا رہے ہیں آپ
کیا آج بھی ہے خواہشِ پیمانہ آپ کو
ٹھنڈی سڑک پہ آج کیوں منڈلا رہے ہیں آپ
تاریخ کے آداب میں ایسا نہیں ہوتا
مٹی سے لِکھا وقت سُنہرا نہیں ہوتا
سازش ہے کہ اس شہر کی یہ آب و ہوا ہی
سردار تو ہوتا ہے،۔ قبیلہ نہیں ہوتا
لشکر کے جواں پھوُل بھی کچھ ساتھ میں رکھ لیں
ہر جنگ میں "تلوار" سے حملہ نہیں ہوتا
سپُردگی کا نشہ خُوشبوئیں لُٹاتا ہُوا
ہوا کے لمس سے اِک پھُول تھرتھراتا ہوا
بِچھڑتے وقت مجھے روکنے تو آئے گا
وہ میرے ہاتھ میں اِک ہاتھ کپکپاتا ہوا
میں آگے بڑھتا ہُوا منزلوں کی خُواہش میں
وہ میری رہ میں نئے راستے بِچھاتا ہوا
دلِ فگار امیدِ وصال رکھتا ہے
بچارہ سادہ ہے، اچھا خیال رکھتا ہے
عجیب حُسنِ تکلُّم عطا ہوا ہے اسے
وہ اپنی باتوں میں طُرفہ کمال رکھتا ہے
کبھی جو پُوچھوں سبب کس لیے اُداس ہو تم
تو دل نشین تبسّم سے ٹال رکھتا ہے
در بدر ہو کے جو در سوچ لیا
ہم نے اب ترکِ سفر سوچ لیا
سوچ لے تو بھی کہاں رُکنا ہے
یا سفر تا بہ سحر سوچ لیا؟
اب نہ وحشت کے ہیں آثار کہیں
کس طرح ہو گی بسر سوچ لیا
ایک لمحہ تھا دل لگانے میں
اور سالوں لگے بُھلانے میں
اور سفّاک ہوتے جاتے ہیں
دن بہ دن مجھ کو آزمانے میں
میری پلکیں جھپک نہ جائیں کہیں
یہی تیری رحمت صِلہ دے رہی ہے
مِری بے بسی بھی مزا دے رہی ہے
تُو پُورب تو پُوربا، تُو پچھم تو پچھوا
ہوا بھی تیرا ہی پتہ دے رہی ہے
میں دن رات تجھ کو کروں یاد کتنا
محبت تِری اب سزا دے رہی ہے
کیا اُگاؤں گا زمیں درد کی بنجر لے کر
میں بھلا جاؤں کہاں ایسا مقدر لے کر
کتنا نادان ہے انسان زمانے بھر میں
پُوجتا رہتا ہے بھگوان کو پتھر لے کر
چاک کرتی ہے اُجالوں کے مقدر کو سدا
تِیرہ بختی ہے مِری ہاتھ میں خنجر لے کر
واقفِ راز ہے اِمکان کی حد جانتا ہے
عِشق کب زہرہ جبِینوں کو سند جانتا ہے
یہ غمِ یار ہے، بھٹکا ہُوا راہی نہ سمجھ
بھانپ لیتا ہے طلب، جائے رسد جانتا ہے
وقت کے پاس کہاں وقت کہ دو پل ٹھہرے
چلتے رہنا ہے اسے، تا بہ ابد جانتا ہے
بڑھو دریا کی جانب پھر ہے قتل عام لکھ دینا
مِرے پیاسے قبیلے کو مِرا پیغام لکھ دینا
قلم والو! لِکھائی کے تمہیں آداب سمجھا دوں
وہاں پھر کچھ نہ لکھنا جس جگہ اسلام لکھ دینا
بزرگوں کی دعا میرے لہو میں جب سے شامل ہے
مجھے آتا ہے ہر پتھر پہ اپنا نام لکھ دینا
سفر ہے دُھوپ کا اس میں قیام تھوڑی ہے
بلا ہے عشق، یہ بچوں کا کام تھوڑی ہے
کسی کو وصل ہے بوجھل کوئی فِراق میں خُوش
دلوں کے کھیل میں کوئی نظام تھوڑی ہے
ہمارے دل میں دھڑکتا ہے نام اس کا ابھی
ہے یہ شروعِ محبت💗، تمام تھوڑی ہے
(طنزیہ کلام) زن مُریدوں کو ہدایت
کسی کی جیب کاٹ لے
کسی کا بٹوہ پار کر
روڈ پہ اب اکڑ کے چل
سینے کو یُوں اُبھار کر
سر کو ذرا لپیٹ لے
اپنی قمیض اُتار کر
ایک شام کا عکس
گوادر کی ڈھلتی ہوئی
ایک شام کا عکس
تیری یادوں کے سائے
اور تیرے نام کا عکس
پورے چاند کی آدھی رات
ساحل پر جھرنوں کا شور
جس شخص کو عذابِ الٰہی کا ڈر نہیں
کچھ بھی دماغ اپنا کھپاؤ،۔ اثر نہیں
دہشت میں دن گُزر تو گئے ہیں کسی طرح
کیسے کٹے گی رات کسی کی خبر نہیں
گھر میں جوان بیٹی ہو تنہا تو باپ کو
لازم کسی بھی حال میں قصدِ سفر نہیں
لے کے بڑھتے ہی رہو مشعلِ رفتار ابھی
مسندِ وقت پہ بیٹھے ہیں گُنہ گار ابھی
ایک کا ہاتھ اگر کٹ بھی گیا، غم نہ کرو
اپنے لشکر میں بہت سے ہیں علمدار ابھی
تم پیمبر تو نہیں ہو کہ ہے بیعت لازم
اپنے دو ہاتھ کے ہم بھی ہیں طرفدار ابھی
شرکت دیرینہ جب کوئی ہیں اے اجنبی
کس قدر مہمل ہیں پھر یہ آن و ایں اے اجنبی
کیسے سمجھاؤں تجھے کس واسطے میں اپنے ساتھ
لے کے آیا ہوں غزل کی اک زمیں اے اجنبی
ایک یارِ ہمزباں سے عہدِ طفلی میں مِری
کیا بتاؤں کس طرح باتیں ہوئیں اے اجنبی
ستم تو دیکھیے کرتے ہیں اپنی شان کا سودا
جو یہ کہتے ہیں کہ ہم کرتے نہیں نقصان کا سودا
حفاظت ہم کریں گے بیٹیوں کی جن کا نعرہ تھا
وہی اب کر رہے ہیں بیٹیوں کی جان کا سودا
جو تھے بلقیس کی عزت پہ ڈاکہ ڈالنے والے
حکومت ان سے کر بیٹھی ہے اب ایمان کا سودا
رات گئے یونہی
میں اپنی یادوں کی
بے جان خاک زدہ
تصویریں دیکھتا ہوں
اور یہ بھی دیکھتا ہوں کہ
اب ان سوچ کے پتلوں میں
کوئی آس نہیں
اُف رے تیرا سِنگار کیا کہنا
مردوا ہے نثار کیا کہنا
ایسی عیاشی کم سُنی ہو گی
بِک گیا گھر دوار کیا کہنا
جس تمنّا کو وہ نہیں سُنتے
اس کا پھر بار بار کیا کہنا
دل آرزوئے زر لیے ہرگز جِیا نہیں
صد شکر یہ مِزاج ہی ہم کو مِلا نہیں
اوروں کے معبدوں کو جو ڈھا کر کرے ہو ناز
وہ بندۂ خُدا ہی سہی با خُدا نہیں
مایوسیوں کی گرچہ رہا یہ لپیٹ میں
اُمید کا دِیا مگر اپنا بجھا نہیں
نہیں ہے تیرے تغافل پہ اعتراض مجھے
کہ اس میں بھی نظر آتا ہے کوئی راز مجھے
وہ کون تھا جو خدا کے قریب کرتا رہا
وہ کون تھا جو پڑھاتا رہا نماز مجھے
میں دشت دشت بھٹکتا ہوا نظر آتا
تُو کارِ عشق سے رکھتا اگر نہ باز مجھے
ہوائے حِرص و ہوس میں جکڑ گیا وہ بھی
تمہارے شہر میں ہم سے بِچھڑ گیا وہ بھی
محبتوں کا گھنا پیڑ جو مکان میں تھا
عداوتوں کی ہوا سے اُکھڑ گیا وہ بھی
تمام عمر کا سرمایہ اک نشیمن تھا
چلی ہوائے سِتم تو اُجڑ گیا وہ بھی
آرزو
کاش دنیا میں مرتب ہو کوئی ایسا وفاق
دور کر دے جو خدائی سے نفاق و افتراق
کاش ہو اقوامِ عالم میں نیا اک اتحاد
کاش رکھ دی جائے جنسِ قومیت بالائے طاق
کاش دنیا میں ہو قائم اک نئی جمہوریت
بھول جائے کاش دنیا جابروں کا طمطراق
مِری وفاؤں کا تجھ کو اگر یقیں ہوتا
ضرور دل سے مِرے آج تُو قریں ہوتا
اثر جو آہ میں ہوتا تو کیا نہیں ہوتا
جمال و حُسن کا مظہر دلِ حزیں ہوتا
شعور ہوتا جو تجھ کو مِری محبت کا
تو زندگی کا ہر اک لمحہ دلنشین ہوتا
بگڑیں نہ اپنی لونڈی پہ اتنا حضُور آپ
میں ہی قصور وار ہوں ہیں بے قصُور آپ
جو بات کے دھنی ہیں پلٹتے نہیں کبھی
پورا کریں گے قول کو اپنے ضرُور آپ
مینا بھی کچھ کہے گی تو ہو گی بہت بُری
اب بند رکھیں "چونچ" کو اپنی حضُور آپ
سیلِ بلا ہے یا لہُو اے چشمِ گِریانی بتا؟
کُھل کر بتا، مُبہم بتا، با رمزِ پنہانی بتا؟
عُمرِ گُریزاں کاٹتے دو پل میں دو صدیاں ہُوئیں
رفتار میں تھی کیا کجی، کچھ حشر سامانی بتا؟
یادِ بہارِ رفتہ بھی کیوں کر نہیں آتی ہے اب
کچھ دل کی لغزش تھی کہ تھی آنکھوں کی نادانی بتا؟
آدمی اور درد سے نا آشنا ممکن نہیں
عکس سے خالی ہو کوئی آئینہ ممکن نہیں
آدمی انسان کامل بن تو سکتا ہے مگر
زندگی بھر رہ سکے وہ پارسا ممکن نہیں
دو کنارے جیسے دریا کے نہیں ملتے کبھی
ہم سے اقدام جفا، ان سے وفا ممکن نہیں
جو شخص محبت میں وفا کا نہیں قائل
یعنی کہ وہ دنیا میں خدا کا نہیں قائل
دھوکہ مجھے دینا ہے تو یہ ظرف ہے تیرا
لیکن میں تعلق میں جفا کا نہیں قائل
میں مان تو لیتا ہوں کہ یہ حکم ہے اس کا
جو اس نے مجھے دی ہے سزا کا نہیں قائل
ہمِیں سرحدوں میں ہیں اُلجھے ہوئے، پر
ہواؤں کی کوئی بھی سرحد نہیں ہے
وہ باغِ اِرم کی مہک ساتھ لے کر
مدینے کی گلیوں میں پھیلے کی جس دم
یقیناً مِری حسرتیں، آرزوئیں
گِرہ باندھ کر بھیجتی ہوں جو اکثر
غزل کی آگ قلم کی گُھٹن برائے فروخت
یہ کون رکھ گیا ذہنی تھکن برائے فروخت
کتابیں پھینک کے غُربت نے اپنے ہاتھوں سے
یہ لِکھ لیا ہے بدن پر؛ بدن برائے فروخت
بندھے ہوئے ہیں کسی ربط غیب سے دونوں
بدن برائے کفن ہے۔ کفن برائے فروخت
پہرا ہے حسرتوں کا دل و جاں کے آس پاس
اچھے ہیں پاسباں مِرے ساماں کے آس پاس
تھا ہم سے خوفِ جامی دری، بعدِ مرگ بھی
پھرتا رہا کفن،۔ تنِ عُریاں کے آس پاس
خلوت میں ہم چراغ جلاتے نہیں کبھی
پھرتا ہے نُور شمعِ شبستاں کے آس پاس
نہ کام فِکر سے نِکلا نہ چل سکی تدبیر
کسی طرح سے نہ بدلی پِھری ہوئی تقدیر
ضمیرِ دہر سے اندیشۂ خِزاں نہ گیا
بہار میں بھی زمانہ ہے درد کی تصویر
تعینات میں اُلجھی ہوئی ہے فِکرِ حیات
مِرے زوال کی تمہید ہے مِری تعمیر
عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
وہ جس کا سایہ ضیا سے آگے چلا گیا ہے
☆تمام خلقِ خدا سے آگے چلا گیا ہے
میں کس کو آواز دے رہا ہوں دیارِ جاں میں
وہ برق رَو تھا، صدا سے آگے چلا گیا ہے
مِرے بدن کو ابھی صلیبوں سے مت اُتارو
معاملہ اب سزا سے آگے چلا گیا ہے💢
آنکھوں کے سمندر میں اُتر کر نہیں دیکھا
حسرت ہی رہی اس کو کہ جی بھر نہیں دیکھا
ایسا نہ ہو خُود رشک کریں اپنی قبا پر
خُود اپنا سراپا ہی سنور کر نہیں دیکھا
دُزدیدہ نگاہی 👁 کا وہ دیتا رہا الزام
جس شخص کو تا عُمر پلٹ کر نہیں دیکھا
تِرے فِراق کے قِصے تِرے وِصال کے دُکھ
بھُلا نہ پائے ہم اب تک وہ ماہ و سال کے دکھ
تِرے بغیر ہمیں زندگی سے کیا لینا
یہی بہت ہے جو کٹ جائیں تجھ کمال کے دکھ
حوا کی بیٹی ہوئی قتل بھائی کے ہاتھوں
کوئی نہ سمجھے گا ہیروں کے ماہیوال کے دکھ
شکایتیں نہ زمیں سے نہ آسمان سے ہیں
کہ ایک عُمر سے ہم لوگ بے زبان سے ہیں
نہ ہو جو شہر کی مانند بُود و باش نہیں
یہی بہت ہے کہ صحرا میں ہم امان سے ہیں
مِری طرح ہدف عہد بے یقینی ہیں
خود اپنے آپ سے جو لوگ بدگُمان سے ہیں
مُقابلے کی تھی فضا میں اس طرف نہیں گیا
کہ جس طرف گئی ہوا میں اس طرف نہیں گیا
میں جانتا تھا اس طرف بہشت ہی بہشت ہے
مگر میں آگ میں جلا میں اس طرف نہیں گیا
مجھے تو اپنی راکھ پر بھی انتہا کا ناز تھا
پرائی آگ ڈُھونڈتا میں اس طرف نہیں گیا
زِ انجمنِ ہست و بود، نفس آشوبِ فنا ہُوا ہے
یہ کون سا سحرِ ازل ہے جو دل پہ نقشِ بقا ہوا ہے
غُبارِ خاطر میں موجزن ہے ہجومِ اسرارِ بے تمیزاں
کہ آئینۂ ادراک تک بھی حجابِ صد ہا ادا ہوا ہے
نہ ذوقِ ادراکِ رمز باقی، نہ تابِ تجریدِ فکر باقی
یہ کس کے افسونِ التفات سے شعور محوِ نِدا ہوا ہے
عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
جب کبھی مرکزِ اشعار میں آ جاتے ہیں
ہم بھی حسانؓ کے گلزار میں آ جاتے ہیں
نغمۂ توحید کے سوزِ نہاں میں دیکھا
ہم ثناء خوان بھی انوار میں آ جاتے ہیں
ایک خوشبو سی بکھر جاتی ہے جب نعت کہوں
کیا نبیﷺ پاک دلِ زار میں آ جاتے ہیں؟
وکیلوں کی وکالت کر رہی ہوں
سمجھتی ہوں جہالت کر رہی ہوں
مجھے معلوم ہے انجام، لیکن
زمانے سے شکایت کر رہی ہوں
میں قیدی ہوں یا قاعد ہوں تُجھے کیا
میں ہر صُورت قیادت کر رہی ہوں
چلے بھی آؤ کہ دل کو ذرا قرار نہیں
خدا گواہ کہ اب تاب انتظار نہیں
نہیں کہ دل پہ محبت میں اختیار نہیں
نہیں نہیں مجھے فکر مآل کار نہیں
بقدر جوش جنوں چاک ہو گریباں کیا
بہار بھی تو بہ اندازۂ بہار نہیں
جب بھی تم سامنے آتے ہو
اب کی ساری خزاں زدہ گھڑیاں
گزری بہاروں میں ڈھل سی جاتی ہیں
وقت کی آغوش میں سوئی ہوئی وفائیں
پِھر سے مچل سی جاتی ہیں
اک بہکا سا خیال دریچوں پہ دستک دیئے بغیر
میں حق پرست ہوں باطل پہ جان کیسے دُوں
یزیدِ وقت کے حق میں بیان کیسے دوں
بدل گئے ہیں تقاضے ہی آدمیت کے
کسی بھی شخص کو گھر میں امان کیسے دوں
کھڑا ہے سامنے ترکش میں تِیر لے کر جو
میں اس کے ہاتھ میں اپنی کمان کیسے دوں
فرقِ نُور و ظُلمت پر جب نظر نہیں ہوتی
رات بِیت جاتی ہے اور سحر نہیں ہوتی
آسماں پہ بادل ہیں کوئی راگنی چھیڑو
آہ" ایسے موسم میں کارگر نہیں ہوتی"
رات کے اندھیروں میں کتنے دل اُجڑتے ہیں
صبح کے ستاروں کو کچھ خبر نہیں ہوتی
دل منافق ہو تو پھر پیار نہیں ہو سکتا
غم دیا جس نے وہ غمخوار نہیں ہو سکتا
ہم بچھائے ہوئے بیٹھے ہیں یہاں پر پلکیں
وہ یہ کہتے کہ؛ دیدار نہیں ہو سکتا
زخمِ دل سینچ رہے ہیں جو یہ کہتے تھے کبھی
گُل کے پہلو میں کبھی خار نہیں ہو سکتا
یہ کیا عجیب تماشا لگا کے رکھا گیا
کسی کا پیار مقابل انا کے رکھا گیا
وہاں سے تیز ہواؤں کے تیر مارے گئے
یہاں چراغ نشانے پہ لا کے رکھا گیا
یہی گُھٹن نہ اُسے خُودکشی پہ لے آئے
جو دل کی بات کو دل میں دبا کے رکھا گیا
آبجُو سے اُٹھی بھاپ میں آنکھ کا پھُول جلتا رہا
اک رہٹ سے مِرے خواب بہتے رہے اور میں چلتا رہا
میں نے دیکھے اندھیرے میں ڈُوبے ہوئے پھُول کِھلتے ہوئے
خواب کا ذائقہ میرے اندر ہی اندر پِگھلتا رہا
پتہ پتہ گِرا خاک پر رات تنہائی سے اٹ گئی
کروٹوں پر نئی کروٹیں کھیت میں ہل بدلتا رہا
کون کرتا ہے تمہیں منع کہیں جانے کو
کون کہتا ہے کبھی تم سے ادھر آنے کو
زندگی نام ہے ہمت سے جیے جانے کا
قبل از وقت اجل کہتے ہیں گھبرانے کو
دشمن و دوست کی باتیں ہیں غضب کی باتیں
ہم نے کیا کیا نہ سنیں آپ کا کہلانے کو
قومِ مُسلم سے خطاب
قومِ مُسلم تجھے سرکار رسالتﷺ کی قسم
کیا ہُوا تجھ کو بتا گردشِ قسمت کی قسم
تُو نے کھائی تھی مساوات و اخوّت کی قسم
آج کھاتی ہے وفادارئ دولت کی قسم
تُو نے کیوں جاہ پرستی کا سبق سیکھ لیا
کیوں شہنشاہ پرستی کا سبق سیکھ لیا؟
گُفتگو کو بدل کے دیکھتے ہیں
اس کے لہجے میں ڈھل دیکھتے ہیں
ماہرِ حُسن بھی مجھے اب تو
سوچ اپنی بدل دیکھتے ہیں
رازِ خُوشبو کا جاننے کے لیے
لوگ گُل کو مسل دیکھتے ہیں
اس دور نے انساں انہیں تسلیم کیا ہے
منظور زمانے میں جنہیں خُونِ وفا ہے
حق کے لیے باطل کا پھر آغاز ہُوا ہے
پھر پیشِ نظر معرکۂ کرب و بلا ہے
ہے موسمِ گُل اور کسی گُل میں نہیں خُوشبو
منظر یہ گُلستاں کا بڑا ہوشرُبا ہے
یہ مِرے خواب کی تعبِیر نہیں ہو سکتی
آپ کے ہاتھ میں شمشِیر نہیں ہو سکتی
مجھ پہ تنہائی میں حیرت کا غضب کُھلتا ہے
اب مِرے درد کی تشہِیر نہیں ہو سکتی
دیکھ کر شہر کو وِیران یہ سُورج نے کہا
وقت کے پاؤں میں زنجِیر نہیں ہو سکتی
نکل کے تارِ بدن سے کنارِ جاں آیا
جو چھُوٹا کون و مکاں سے تو لامکاں آیا
نکل کے تارِ بدن سے قریبِ جاں آیا
جو چھُوٹا کون و مکاں سے تو لامکاں آیا
پِگھل گئے در و دِیوار سوزِ خلوت سے
نہ ایک آنسُو دمِ مرگِ نگہاں آیا
دِلبر کا کیا گِلہ کوئی غمخوار بھی نہیں
پہلو میں آج تو دلِ ❤ بِیمار بھی نہیں
مرنا وہ جس کو حِیلہ و آزار بھی نہیں
قاتل وہ جس کے ہاتھ میں تلوار بھی نہیں
تسکینِ دل محال ہے حالت کہے بغیر
اس پر سِتم کہ طاقتِ گُفتار بھی نہیں
اسیر لمحۂ موجُود ہو گئے ہم بھی
خُود اپنی ذات کے سائے میں کھو گئے ہم بھی
لگاؤ سنگ صدا شیشۂ سکوت پہ آج
زمانے والو! پُکارو کہ سو گئے ہم بھی
لگے تو شاخ پہ اک برگِ زرد کی مانند
گِرے تو گردِ حقارت میں کھو گئے ہم بھی
کتنا بڑا مکان ہے چھوٹا ہے کتنا دل
دولت کی ریل پیل ہے کھوٹا ہے کتنا دل
کیسی یہ چُپ لگی ہے قیامت کے شور میں
دُنیا کے اس ہجوم میں تنہا ہے کتنا دل
کچھ اس طرح ملال کے بادل گُزر گئے
اشکوں کی برشگال میں بھیگا ہے کتنا دل
نکتہ چینی جو فن کا ڈھب ٹھہرے
پھر کہاں ہم سا بے ادب ٹھہرے
زندگی تُو نے کیا دیا ہم کو
ہم تِرے در پہ بے سبب ٹھہرے
کیسے کہتا میں دل کی بات اُنہیں
وہ مِرے آس پاس کب ٹھہرے
حیرتوں کے سلسلے بڑھنے لگے
ہم چلے تو راستے بڑھنے لگے
زندگی نے اس قدر دھوکے دئیے
زندگی کے تجربے بڑھنے لگے
رفتہ رفتہ ہم ہوئے عاشق مزاج
رفتہ رفتہ تبصرے بڑھنے لگے
یوں سمجھو دِھیرے دِھیرے مر رہے ہو
اگر رستے بُلانا چھوڑ دیں تو
کتابیں اجنبی لگنے لگیں تو
اگر سازوں سے آوازیں نہ اُبھریں
اگر خُود سے محبت نہ رہے تو
یوں سمجھو دھیرے دھیرے مر رہے ہو
لگ گیا عشق کا آزار بڑی مُشکل ہے
ہوں گے رُسوا سرِ بازار بڑی مشکل ہے
بات سچ کہنا کسی دور میں آسان نہیں
اور پھر وہ بھی سرِ دار بڑی مشکل ہے
یہ تو معلوم ہے کرتے ہیں محبت مجھ سے
وہ زباں سے کریں اقرار بڑی مشکل ہے
پھُول پرندے بادل خُوشبُو کچھ بھی نہیں
کچھ بھی نہیں سیلاب نہ آنسُو کچھ بھی نہیں
جس کا جو بھی جی چاہے قانون وہی
نہ پیمانہ کوئی ترازُو کچھ بھی نہیں
میں اک ایسے پریم نگر آ پہنچا ہوں
بوجھل پلکیں بکھرے گیسُو کچھ بھی نہیں
زمیں تھی تنگ کُھلا آسمان کیا رکھتے
ہم اپنے سر پہ کوئی سائبان کیا رکھتے
بہت طویل تھا انجان چاہتوں کا سفر
کہ چل رہے تھے مُسلسل تکان کیا رکھتے
جہاں بھی چھاؤں نظر آ گئی، پڑاؤ کیا
اک عُمر دشت میں گُزری مکان کیا رکھتے
مُصیبت تم پر آ جائے تو رب سے گُفتگو کرنا
کوئی نُِقصان پہنچائے تو رب سے گفتگو کرنا
ہو موسم قحط سالی کا یا بن موسم کی بارش ہو
یا بادل آگ برسائے تو رب سے گفتگو کرنا
نمازوں اور تلاوت میں تمہارا دل نہ لگتا ہو
تمہیں شیطان بہکائے تو رب سے گفتگو کرنا
گرداب میں کشتی ہے اور دُور کنارا ہے
اب ڈُوبنے والے کو تنکے کا سہارا ہے
ہم نے بھی ہرے نازک پودوں کی طرح اکثر
ہر دور مُصیبت کا ہنس ہنس کے گُزارا ہے
دل چونک سا جاتا ہے اپنی بھی صدا سُن کر
یادوں کے جھروکوں سے تُو نے بھی پکارا ہے
چہرے
نفسیات کے ماہرِ دِیں کی جانکاری ہے
پیری اور مُریدی بھی شاعری بھی جاری ہے
چہرے پر ریاکاری، جیب تولتی آنکھیں
ہر گھڑی نصیحت کی ہاتھ میں پٹاری ہے
تول کر کریں باتیں، ناپ کر قدم رکھیں
مُسکراہٹیں عنقا، بات کاروباری ہے
ہم نے محکم جنہیں جانا وہ ستارے ٹُوٹے
موج ساحل سے جو گُزری تو کنارے ٹوٹے
اہل دل سوچ رہے ہیں یہ بڑے کرب کے ساتھ
ہم ہی زنجیر ہوئے، دل بھی ہمارے ٹوٹے
آج ہر ذہن میں روشن میں تفکّر کے چراغ
دل وہ شعلہ ہے کہ جس سے یہ شرارے ٹوٹے
ہے دُھوپ چھاؤں کی مانند زندگی میری
ثبات غم کو نہیں عارضی خُوشی میری
اسی کو اب مِری ہر بات زہر لگتی ہے
کبھی پسند نہ تھی جس کو خامشی میری
تِری نظر کا سہارا بڑا سہارا تھا
جہاں میں کر نہ سکا کوئی ہمسری میری
بھُوک سے بچے بِلکتے ہیں نہ جانے کتنے
اور پانی میں بہا دیتے ہیں دانے کتنے
اک تمنّا کا ہوا خُون تو کیا غم اے دوست
دفن ہیں سینے میں ارمان نہ جانے کتنے
کبھی اوروں کی کبھی اپنی حماقت کے طُفیل
ہاتھ آتے رہے ہنسنے کے بہانے کتنے
کس ادا سے بزم میں شامل وہ محوِ ناز تھا
اس کی ہر اک بات میں دل لینے کا اعجاز تھا
وہ کہ اپنے حُسن پر بے انتہا مغرور تھے
میں کہ اپنی رسمِ اُلفت پر مجھے بھی ناز تھا
اک نظر دیکھا نہ اس نے مجھ کو بزمِ غیر میں
مصلحت تھی کچھ نہ کچھ اس میں بھی کوئی راز تھا
شبدھ کو شعر اور
شعر کو پیڑ کی چھایا کرتے
اپنے جگر کا لہو پلاتے
کوکھ میں رکھ کر
جیسے ماں تخلیق کا درد سہا کرتی ہے
شاعر بھی ایسا کرتے ہیں
آنکھ لگتی بھی نہیں ہے کہ جگا دیتا ہے
کوئی دروازے کی زنجیر ہِلا دیتا ہے
گھر سے نِکلو تو پتا جیب میں رکھ کر نِکلو
حادثہ چہرے کی پہچان مِٹا دیتا ہے
ہم جو بڑھتے ہیں کبھی امن کا پرچم لے کر
راستوں میں کوئی بارُود بِچھا دیتا ہے
کھوئے ہوئے صحرا تک اے بادِ صبا جانا
وہ خاکِ جنوں میری آنکھوں سے لگا جانا
اب تک کوئی چنگاری رہ رہ کے چمکتی ہے
اے قافلۂ فردا! یہ راکھ اُڑا جانا
ہے دشتِ تمنّا میں اب شام کا سناٹا
ہاں تیز قدم رکھتے اے اہلِ وفا جانا
وہاں بھی کون تھا، جاتے تو یار کیا کرتے
عبور کرتے بھی دریا تو پار کیا کرتے
جو پاس تھا وہ محبت میں سب لُٹا بیٹھے
بچا ہی کیا تھا کسی سے اُدھار کیا کرتے
وضاحتیں اسے دیتے بھی ہم تو آخر کیوں
کہ اس کے دل پہ تھا گرد و غُبار کیا کرتے
سرد راتوں کی رِدا، ڈوبتی نیندوں کی تھکن
ہو گئی صبح نہ ٹُوٹی مِرے خوابوں کی تھکن
آنکھ میں پِگھلے ہوئے سانولے چہروں کی نمی
دھیان میں گُونجتی خاموش صداؤں کی تھکن
ایک سایا بھی نہ اُبھرا مِری گلیوں کے قریب
راستہ دیکھتے پتھرا گئی آنکھوں کی تھکن
نہ یہ انداز نہ لفظوں سے بیاں ہوتی ہے
دل کی حالت تو نِگاہوں سے عیاں ہوتی ہے
ہم زمانے سے جُڑے ہیں تو زمانہ ہم سے
ہم کوئی بات کریں، سب کی زباں ہوتی ہے
کچھ تو پندارِ محبت کا ہی بھرم رکھ لیتے
بد گُمانی رہِ اُلفت میں گِراں ہوتی ہے
رات ہے اِضطراب کی چادر
جیسے صحرا سراب کی چادر
آگ میں ہم جُھلس گئے اتنے
اوڑھ لی پھر عذاب کی چادر
ایک منظر میں سِمٹے ہم دونوں
تان کر اِنتساب کی چادر
رہِ عذابِ مُسلسل سے دُور آ نِکلا
شعور ہیکرِ مشعل سے دور آ نکلا
اب ایک پل کو بھی سایہ اسے نصیب کہاں
خود اپنی ماں کو جو آنچل سے دور آ نکلا
تمہارے شہر میں جینے کی آرزو لے کر
میں اپنی رُوح کے مقتل سے دور آ نکلا
جُرم ایسا بھی مِری جاں مجھ سے کیا ہونے لگا
تیرے میرے درمیاں جو فاصلہ ہونے لگا
سادہ دل کو لُوٹتا ہے یہ زمانہ کس طرح
دھیرے دھیرے اب مجھے بھی تجربہ ہونے لگا
آبِ زم زم اور گنگا جل کو پی کر بولیے
کیا وہ غنڈہ اور موالی پارسا ہونے لگا؟
تِرے خیال کی دُھونی رما کے بیٹھ گئے
ہم اس زمانے سے دامن بچا کے بیٹھ گئے
بلا کا شور تھا جیون ندی کے اُس جانب
ہم اس کنارے پہ چُپ چاپ آ کے بیٹھ گئے
اُٹھے تھے سیرِ چمن کے لیے مگر یہ کیا؟
وہ بزمِ غیر میں کاہے کو جا کے بیٹھ گئے
تیرا ہجر عذاب ہو گا مجھے معلوم نہ تھا
ہر وقت اضطراب ہو گا مجھے معلوم نہ تھا
میں سمجھتا رہا تیرے پیار کو حقیقت مگر
یہ بھی اک خواب ہو گا مجھے معلوم نہ تھا
میں بے لوث کرتا رہا فقط تیری ہی پُوجا
یہ گناہ یا ثواب ہو گا مجھے معلوم نہ تھا
حوّا کی بیٹی
سُنو ایسا بھی کبھی ہوتا ہے کیا
کہ چھ راتوں پہ ایک کھڑکی سے
تین موسم اُترے ہوں
اور ساتویں دن کی بھاری رات میں
آسمانی بلائیں
یوں بھی باقی ہیں ابھی جِینے کے آثار مِرے
بسترِ مرگ سے اُٹھے ہیں کئی یار مرے
موجِ اِدراک سے سُورج کی شُعائیں پھُوٹیں
تو نظر آئے کچھ اندیکھے سے کِردار مرے
سینۂ شب پہ مچلتا ہے اُداسی کا بدن
ایک تصویر دِکھاتی یے یہ آزار مرے
روایت ہے
پہاڑوں نے کبھی ہجرت نہیں کی
یہ بارش، برف، طُوفاں سے نہیں ڈرتے
یہ خیمے چھوڑ کر اپنے نہیں جاتے
کبھی نامہرباں افلاک پانی بند کر دیں تو
نہ بارش کے خُدا کا بُت بنا کر پُوجتے ہیں اور
خُود کو کبھی جو خُود سے مِلانا پڑا ہمیں
چہرے کے پاس آئینہ لانا پڑا ہمیں
تنہائیوں کا درد بھُلانے کے واسطے
خُود اپنے گھر میں شور مچانا پڑا ہمیں
مُدت کے بعد ہو گیا جب ان سے سامنا
ناکام حسرتوں کو جگانا پڑا ہمیں
دستِ ساقی میں فروزاں تھے سبُو رات گئے
اور ادھر شیخ تھا مصرُوف وضُو رات گئے
سو گیا تان کے چادر تِرے قدموں میں کوئی
سازشیں کرتے رہے مِل کے عدُو رات گئے
کون اس شہر میں ہمرازِ الم ہے میرا
کون آیا ہے لیے جام و سبُو رات گئے
بِگاڑ کر مِری مٹی کھنگالتے کیا ہو؟
سِتمگرو! مِری دُنیا اُجاڑتے کیا ہو؟
مِرے وجود سے جاں تو نکال لی تم نے
فرعونِ عصر! بتاؤ گے چاہتے کیا ہو؟
تمہارے چہروں کے تیور تو اور ہی کچھ ہیں
دلوں میں کیا ہے ہمیں یوں پچھاڑتے کیا ہو؟
ہاتھ ملتا ہے تو مل اب کے برس
پھُول کلیاں نہ مسل اب کے برس
برفزاروں میں نہ جل اب کے برس
التجا کرتا ہے دل اب کے برس
تُو اٹل ہے، وہ مصمّم ہے بہت
دیکھ لے اور کے بل اب کے برس
اربابِ کرم سے بدلا ہے دستورِ غمِ ایّام کہاں
اس دور جہانِ ہستی میں انسان کو ہے آرام کہاں
دُنیا ہے جفاؤں کی شیدا، دُنیا کو وفا سے کام کہاں
اے حُسنِ وفا کے دِیوانے! لیتا ہے وفا کا نام کہاں
رہبر نظر آتے ہیں رہزن تاریک دل اور ماتھے پہ شکن
پُوچھو نہ حقیقت کچھ اپنی غُربت میں ہوئی ہے شام کہاں
جل کر ان آنکھوں میں آنسو جب کاجل بن جاتے ہیں
دل سے اٹھ کر ریگ بگولے دل بادل بن جاتے ہیں
کوئی سچی بات زباں پر جب بھی کبھی آ جاتی ہے
وہ صحرا ہو یا گُلشن ہو سب مقتل بن جاتے ہیں
جب بھی ذہن میں جاگ اُٹھتی ہے ان ہونٹوں کی شیرینی
کیسے کیسے تلخ مسائل جان غزل بن جاتے ہیں
زمیں پہ کیسا ہے قحط الرّجال اُف اللہ
وفا کا اور جنوں کا زوال اُف اللہ
جو آدمی کا ہے اس وقت حال اُف اللہ
وفا کا اور جنوں کا زوال اُف اللہ
ترقی خوب ہوئی بے مثال اُف اللہ
مگر جو دیکھا ہے گاؤں کا حال اُف اللہ
کہاں سے آنا ہے ہر آدمی یہاں تنہا
رُلا کے ہم کو چلا جانا ہے کہاں تنہا
یزیدِ عصر نے گھیرا ہے یوں مجھے جیسے
مقابلے میں ہو اک تیرے بے کماں تنہا
لگے ہیں خیمے وہیں آج کاروانوں کے
گیا تھا شہر میں تھک کر جہاں جہاں تنہا
عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
دل نثار مصطفیٰﷺ، جاں پائمال مصطفیٰﷺ
یہ اویس مصطفیٰﷺ ہے وہ بلال مصطفیٰﷺ
دونوں عالم تھے مِرے حرف دُعا میں غرق و محو
میں خُدا سے کر رہا تھا جب سوال مصطفیٰﷺ
سب سمجھتے ہیں اسے شمعِ شبستانِ حِرا
نُور ہے کونین کا لیکن جمالِ مصطفیٰﷺ
شِکوے کی چُبھن مجھ کو سدا اچھی لگی ہے
یہ فرطِ محبت کی ادا اچھی لگی ہے
خالی ہے کہاں لُطف سے اب دل کا پِگھلنا
پُر درد زمانے کی فضا اچھی لگی ہے
لمحاتِ محبت سبھی یکساں نہیں ہوتے
اے جان وفا! تیری جفا اچھی لگی ہے
نہ ذِکرِ آشنا نے قصۂ بے گانہ رکھتے ہیں
حدیثِ یار رکھتے ہیں یہی افسانہ رکھتے ہیں
چمن میں سرو قد گر جلوۂ مستانہ رکھتے ہیں
برنگِ طوقِ قمری ہم خطِ پیمانہ رکھتے ہیں
نہ اُلجھو اس قدر بے وجہ سُلجھانے میں زُلفوں کے
دلِ صد چاک تو ہم بھی برنگِ شانہ رکھتے ہیں
غیر بھی بیدم ہیں نالوں سے بُتِ بے پِیر بھی
اک ہوائی تِیر ہے یہ آہِ بے تاثیر بھی
کوئی شے خالی نہیں نیرنگِ حُسنِ یار سے
گُل میں رنگ و بُو تو مہر و مہ میں ہے تنویر بھی
کہتے ہیں رکھتے نہیں کیوں مُوئے مِژگاں کا خیال
کیا تمہارے دل میں رہ سکتا نہیں اک تِیر بھی
عصمت کے بازار کو چھُو کے آتا ہوں
ڈر ڈر کے دِلدار کو چھو کے آتا ہوں
کارِ محبت، مکر و فریب سے نالاں ہے
میں تو سچّے پیار کو چھو کے آتا ہوں
پھولوں کی کوئی قید نہیں ہے باغوں میں
دِیوانہ ہوں، خار کو چھو کے آتا ہوں
یہ دست کاسہ بھی لرزاں ہے تیرگی میں کہیں
ہمیں تو رات ہی مِلتی ہے روشنی میں کہیں
فقیر چہرے جو بِکتے ہیں شہر والوں میں
کسی کو خواب نہ مِلتے ہیں زندگی میں کہیں
چراغ بام کے بُجھتے ہیں زخم کھا کھا کر
یہ رات بولتی ہے درد خامشی میں کہیں
عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
انؐ کی چمک سے چمکا چہرہ اصُول کا
آنکھوں کی روشنی بھی صدقہ رسولؐ کا
حسن صدائے سرور تیری تلاش میں
حبشی کو مِل گیا ہے لہجہ قبول کا
جبریلؑ کون ہے جو رفتار جان لے
سایا نہ پا سکا وہ قدموں کی دُھول کا
ہم نے دیکھا ہے بھرے شہر میں سایا اپنا
ایک سُورج ہے پسِ پشت پرایا اپنا
غمکدۂ اشکِ مُسلسل سے نہال شب ہے
زخم تازہ کو درِ یار بنایا اپنا
چاند سے پار کوئی رات بسیرا ڈالے
ہم سے پُوچھے ہے کوئی خُون بہایا اپنا
گُم ہے فضا چمن کی نظاروں کو کیا ہُوا
گُل ہیں اُداس اُداس بہاروں کو کیا ہوا
کیوں ان کی روشنی ہے شب غم سے دُور دُور
اے آسمان! تیرے ستاروں کو کیا ہوا
دیکھے تو کوئی ان کا تغافل کہ بعدِ مرگ
وہ پُوچھتے ہیں درد کے ماروں کو کیا ہوا
جہاں سراب نہیں تھی وہاں سراب مِلے
حقیقتوں کو ٹٹولا گیا تو خواب ملے
ہر ایک سمت سے آواز بازگشت آئی
اس آرزو میں پُکارا تھا کچھ جواب ملے
ہمیں بہار کے آثار کی توقع تھی
رُخِ چمن پہ نشاناتِ انقلاب ملے
سِتمگری کی نئی اک طرح نکالی ہے
یہ آسمان پہ کس نے زمیں اُچھالی ہے
ہمارا اُن سے کوئی ربط تھا، نہ ہے کوئی
بنانے والوں نے تو بات ہی بنا لی ہے
وہ مہرباں ہوئے ہم پر تو باور آیا یہ
کہ جس کا نام قیامت ہے آنے والی ہے
یہ کپڑا تو بہت مہنگا پڑا ہے
بدن عریاں رہے تو کیا بُرا ہے
نمُو جیسے ہوئی ویسا نہیں ہے
بدلتے پیڑ کو بدلا گیا ہے
میں گِریہ کاٹ کر بویا گیا ہوں
سمندر میرے اندر یوں اُگا ہے
آج قسمت آزمائی ہو گئی
کُوئے جاناں میں رسائی ہو گئی
وہ نہ مِلتے تو نہ تھا کوئی گِلہ
غم یہ ہے مِل کر جُدائی ہو گئی
آشنائی سے ہے جو ناآشنا
اس سے اپنی آشنائی ہو گئی
تِری باتوں میں آتا ہے مِرا دل کتنا سادہ ہے
غموں میں مسکراتا ہے مرا دل کتنا سادہ ہے
جفا کاروں کی دنیا میں وفا کی آس ہے اس کو
عجب سپنے سجاتا ہے مرا دل کتنا سادہ ہے
اسے کچھ بھی نہیں دکھتا سوائے تیرے دنیا میں
تمہی پر جاں لٹاتا ہے مرا دل کتنا سادہ ہے
ستم ظریف
گھنا جنگل ہے جس میں میں فقط تنہا نہیں ہوں
ہزاروں رفتگاں
جن کے نشانِ پا
کہیں مدغم، کہیں واضح
بلا مقصد پڑے ہیں
پڑے بھی اس لیے ہیں کہ نشانِ پا کی قسمت ہی یہی ہے
کیوں بلندی پا کے ہستی میں اتر جاتا ہوں میں
کس لیے احساس کی حد سے گزر جاتا ہوں میں
ڈوب جائے گی تو اپنے آنسوئوں میں سوچ لے
چھوڑ کے اے زندگی تجھ کو اگر جاتا ہوں میں
زخم بے انداز ہیں پھر بھی ٹھہرِ شہرِ طلب
آنے والی کل کی خاطر پھر سنور جاتا ہوں میں
شبِ فراق مِری جان اک عذاب میں ہے
تڑپ رہا ہے جگر دل بھی اضطراب میں ہے
ہزاروں طالبِ دیدار ٹُوٹے پڑتے ہیں
اگرچہ جلوۂ جاناں ابھی نقاب میں ہے
نگاہ مِلتے ہیں مستانہ کر دیا ساقی
بتائے کوئی یہ مستی کہاں شراب میں ہے
ظُلمت کو پردھان بنا کر دیکھ لیا
سُورج کو بے جان بنا کر دیکھ لیا
اب جو لنکا ہار گئے تو رونا کیا
بھیدی کو دربان بنا کر دیکھ لیا
خیر دُعائیں لب پر ہی دم توڑ گئیں
جذبوں کو بھگوان بنا کر دیکھ لیا
کب یہ مانگا تختِ شاہی دے، کوئی پوشاک دے
خاکساروں کو تُو بس اپنی گلی کی خاک دے
ہم زمیں زادے ہیں آخر، ہم کو یہ معلوم ہے
یُوں نہ دھوکا تُو ہمیں اے گردشِ افلاک دے
جو خُوشی پتھر کرے دل کو تو بہتر ہے یہی
اے خُدا! تُو اُس کے بدلے دیدۂ غمناک دے
تمہارے غم کو غم جاں بنا لیا میں نے
کہ جنگلوں کو گلوں سے سجا دیا میں نے
نہ جانے کتنی امیدیں لہو لہو کر کے
دل تباہ کو جینا سکھا دیا میں نے
سبب ہو کچھ بھی انہیں روٹھنے کی عادت ہے
یہ سوچنا ہی غلط ہے کہ کیا کیا میں نے
یُوں بھی ہوتا ہے
یُوں بھی ہوتا ہے کہ اکثر
زندگانی کے اُفق پر
بدلیاں غم کی یکایک
یُوں اُمڈ آتی ہیں جیسے
زندگی کی آخری یہ شام ہو
چھُوٹنے لگتی ہیں نبضیں
یہاں درخت تھے سایہ تھا کچھ دنوں پہلے
عجیب خواب سا دیکھا تھا کچھ دنوں پہلے
یہ کیا ہوا کہ اب اپنا بھی اعتبار نہیں
ہمیں تو سب کا بھروسا تھا کچھ دنوں پہلے
ہمارے خون رگ جاں کی لالہ کاری سے
جو آج باغ ہے صحرا تھا کچھ دنوں پہلے
آرام جو کرتے نہیں آرام سے پہلے
منزل پہ پہنچتے ہیں وہی شام سے پہلے
یہ ایک حقیقت ہے کہانی نہیں اے دوست
مشہور نہ تھا تُو بھی مِرے نام سے پہلے
دنیا جسے کہتے ہیں سمجھ میں نہیں آتا
یہ کیا تھی تِرے جلوہ گہِ عام سے پہلے
سبک ہوں اپنی نگاہوں میں عرض حال کے بعد
کہ آبرو نہیں رہتی کبھی سوال کے بعد
نہ پوچھو دل کو ہوئی ہیں اذیتیں کیا کیا
کبھی سوال سے پہلے کبھی سوال کے بعد
ضمیر کی وہ مسلسل ملامتیں توبہ
ملا ہے دل کو سکوں اشک انفعال کے بعد
آ اے دل خطائیں بخشوانے چلتے ہیں
آج روٹھے ہوئے یار کو منانے چلتے ہیں
ہو سکتا ہے فراموش کر دے وہ بے پرواہ
اسے وعدۂ فردا یاد دلانے چلتے ہیں
ایمان پختہ ہو یا خستہ، سزا ملے یا جزا
دہلیزِ یار پہ جبیں جھکانے چلتے ہیں
کُچھ دکھائے ہم کو خُدا دیکھتے چلیں
کیوں لوگ ہیں خُدا سے خفا دیکھتے چلیں
ٹکرا کے جس سے لوٹ گئی ہر صدا وہ در
خُوشبو کی دستکوں سے کُھلا دیکھتے چلیں
دُنیا ہمارے ساتھ تھی دورِ بہار میں
سایہ بھی اب ہے ہم سے جُدا دیکھتے چلیں
نہ تھا فضاؤں کا قیدی نہ وہ مکان میں تھا
پرندہ فکر کا اک خاص ہی اُڑان میں تھا
تمام شہر کے ہاتھوں میں تھے دھنش لیکن
جو ایک تیر تھا وہ میری ہی کمان میں تھا
جسے پڑوسی کے ہاتھوں فروخت کر ڈالا
ہمارے پُرکھوں کا ورثہ اسی زبان میں تھا
رُخ سے پردا جو اُٹھا رکھا ہے توبہ توبہ
تُو نے ہنگامہ مچا رکھا ہے توبہ توبہ
ایک تو آنکھیں تِری یار ہیں خنجر جیسی
اس پہ کاجل بھی لگا رکھا ہے توبہ توبہ
شیخ جی! آپ کو آخر یہ ہوا کیا ہے کہو
جام ہاتھوں میں اٹھا رکھا ہے توبہ توبہ
ساقیا! یہ درد گہرا ہے کوئی امداد کر
ورنہ مجھ کو تیشہ دے کر تُو یہیں فرہاد کر
برگزیدہ ایک بسمل کی ہزاروں منزلیں
رقص کرتی ہیں کسی کے جملۂ ناشاد پر
قیس کو خانہ بدوش اور میر کو وحشت زدہ
اور مجھ کو عاشقوں کے درمیاں ایجاد کر
واقف ہیں میرے نالۂ دل کے اثر سے آپ
بے چین ہیں جو صدمۂ درد جگر سے آپ
یہ بھی خبر ہے دل پہ گزرتی ہے میرے کیا
جا تو رہے ہیں پھیرے ہوئے منہ ادھر سے آپ
آرام دن کو اور نہ راتوں کو چین ہے
واقف نہیں ہیں کیا مِری شام و سحر سے آپ
ڈھلتی شام
طویل مُسافت
وحشت زدہ ناگ
تاک میں بیٹھے گِدھ
اور وہ اجنبی مُسافر
شاید کہ آیا تھا
کوئی بتلائے حال ساقی کا
آ رہا ہے خیال ساقی کا
کوئی ثانی نہیں مِلا اب تک
یار اس بے مثال ساقی کا
ہائے کیا خُوب تھا وہ منظر بھی
میرے ہونٹوں پہ گال ساقی کا
ازدحامِ آئینہ چہرہ تراش
چھوڑ اس کو دوسرا چہرہ تراش
میں کہاں اُمید کی گُل کاریاں
یاس کا منظر ہُوا چہرہ تراش
ڈھونڈ اپنے جسم کی تیزابیت
رُوح کی شیریں فضا چہرہ تراش
روز میں ٹوٹ پھوٹ جاتا ہوں
روز پھر خود کو میں بناتا ہوں
روز میں خود سے روٹھ جاتا ہوں
اور پھر خود کو میں مناتا ہوں
روز اک کام کرنا ہوتا ہے
روز وہ کام بھول جاتا ہوں
زلف کے سنورنے میں دیر کتنی لگتی ہے
آدمی کے مرنے میں دیر کتنی لگتی ہے
آنکھ سے بھلا دل کا فاصلہ ہی کتنا ہے
سیڑھیاں اترنے میں دیر کتنی لگتی ہے
پتھروں پہ چلتا ہوں کانچ کا بدن لے کر
کرچیاں بکھرنے میں دیر کتنی لگتی ہے
یہ شیر ہم پہ جھپٹتا ہے، کھال نوچتا ہے
ہمارے جسم کو تیرا خیال نوچتا ہے
کبھی سکون کی صُورت بھی خواب لگتی ہے
کہ نیند آتے ہی کوئی ملال نوچتا ہے
یہ کس مقام پہ لے آئی زندگی ہم کو
ہمارا ظرف ہمارے سوال نوچتا ہے
مان لیں گے وہ ہماری التجا لگتا نہیں
معاف کر دیں گے ہماری ہر خطا لگتا نہیں
کہہ سکیں سچ بات کو وہ ہر بشر کے سامنے
آج کل لوگوں میں اتنا حوصلہ لگتا نہیں
صبح ہوتے ہی بدل جاتے ہیں ان کے فیصلے
دیرپا ہو گا کوئی بھی فیصلہ لگتا نہیں
لوگ پتھر کے ہیں پتھر ہی دکھائی دے گا
ہر طرف زخموں کا منظر ہی دکھائی دے گا
تشنگی آج کنارے سے گلے ملتی ہے
خواب میں اب تو سمندر ہی دکھائی دے گا
آگ نفرت کی جو سینے میں بھڑک اٹھے گی
شہر میں جلتا ہوا گھر ہی دکھائی دے گا
نظر بھر کی خطا میں عشق کر جانے کی جرأت ہے
تمہیں بس دیکھنا تھا، اب سنور جانے کی جرأت ہے
نہیں ہے فُرصتِ غم پھر تمہیں اپنا بنانے کی
مگر اب خامشی میں گُھٹ کے مر جانے کی جرأت ہے
میں اُٹھ کر آ گیا تھا جوگ میں یونہی تمہارے ہاں
میں ٹِلہ جوگیاں کا ہوں سو گھر جانے کی جرأت ہے
آہ بے تاثیر ہے نالہ رسا کوئی نہیں
درد وہ مجھ کو مِلا جس کی دوا کوئی نہیں
دیکھتا ہوں راہ میں مُڑ مُڑ کے ہر چہرے کو میں
ہمسفر کتنے ہیں لیکن ہمنوا کوئی نہیں
اس سے بڑھ کر اور کیا ہو گا عذابِ زندگی
آنکھ سب رکھتے ہیں لیکن دیکھتا کوئی نہیں
عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
جس کو دیکھو ہے خریدار رسولِ عربیﷺ
مصر سے بڑھ کے ہے بازار رسول عربی
جب خدا خود ہے خریدارِ رسول عربیﷺ
کیوں نہ ہو گرمئی بازارِ رسولِ عربیﷺ
طُور پر دیکھ کے غش جس کو ہوئے تھے موسیٰ
تھا وہ اک پرتوِ رُخسار رسول عربیﷺ
اس جہاں سے دل لگانا کوئی ہم سے سیکھ جائے
دل لگا کر رنج اٹھانا کوئی ہم سے سیکھ جائے
غم کی چوٹیں دل پہ کھانا کوئی ہم سے سیکھ جائے
ضبط سے جاں کو گُھلانا کوئی ہم سے سیکھ جائے
اف نہیں کرتے مبادا رازِ مُضمر فاش ہو
داغِ سینہ کو چُھپانا کوئی ہم سے سیکھ جائے
انشاء ہی رہا یاد نہ منشاء ہی رہا یاد
مجھ کو تو ابھی کوئی نہیں تیرے سوا یاد
میں تو کبھی بُھولے سے بھی تجھ کو نہیں بُھولا
اور تُو نے تو بُھولے سے بھی مجھ کو نہ کیا یاد
دُنیا سے تھا نزدیک تو دُنیا نے نہ پوچھا
دُنیا سے ہوا دُور تو دُنیا نے کیا یاد
ہجوم غم سے گھبراتے نہیں ہم
محبت کر کے پچھتاتے نہیں ہم
بہت بے چین رہتے ہیں وہ اس دن
کسی دن جب نظر آتے نہیں ہم
گُلِ عارض پہ کوئی بات تو ہے
مگس کی طرح منڈلاتے نہیں ہم
ساعت غم میں بھی فریاد نہیں کر پایا
ایک مدت سے تجھے یاد نہیں کر پایا
دیکھ کر وار پہ خاموش مِری آنکھوں کو
کرنے آیا تھا جو جلاد نہیں کر پایا
میری غزلوں کو کھنگالا بھی گیا تھا لیکن
فیصلہ کوئی بھی نقاد نہیں کر پایا
اداس آنکھ میں زینت دکھائی دیتی ہے
کسی کے ہجر کی رنگت دکھائی دیتی ہے
اُسے صدا نہیں دیتا کہ لطفِ حاصل سے
جمالِ یار میں خفت دکھائی دیتی ہے
وہ اپنے عیب بھی آئینے پر ہی دھر آیا
کمال اس شخص میں جرأت دکھائی دیتی ہے
حسن کو سمجھتا ہے عشق ہم زباں اپنا
ہے حقیقت ایسی ہی یا ہے یہ گماں اپنا
فاش ہم کریں کیونکر راز مدعا یابی
گم حصول مقصد میں حاصل بیاں اپنا
کارساز ہے کتنی دید و باز دید اپنی
مل گیا صلہ ہم کو بعد امتحاں اپنا
حسرت دل کو مار کر دیکھا
بوجھ سارا اتار کر دیکھا
وقت ممکن کہاں گزارے تو
جیسے میں نے گزار کر دیکھا
کوئی میری مدد کو آیا نہیں
میں نے سب کو پکار کر دیکھا
ماضی کے روشن کردار کہاں سے لاؤں
سر ہی نہیں قابل دستار کہاں سے لاؤں
اپنی زمیں کا تھوڑا ٹکڑا تمہیں بھی دے دیں
مہاجرو! ایسے انصار کہاں سے لاؤں
زنگ آلود عجائب گھر میں رکھی ہو گی
عالمگیر کی وہ تلوار کہاں سے لاؤں
وہ حرف حرف مکمل کتاب کر دے گا
ورق ورق کو محبت کا باب کر دے گا
اُجالے کے لیے اس کو صدا لگاؤ اب
یہ کام چٹکیوں میں آفتاب کر دے گا
وہ جب بھی دیکھے گا مستی بھری نظر سے مجھے
مرے وجود کو یکسر شراب کر دے گا
لب تشنۂ تمنا کہیں جام تک نہ پہنچے
یہ سرورِ ذوقِ پیہم بھی تمام تک نہ پہنچے
بجلی گرانے والے! یہ بات یاد رکھنا
شعلہ چمن سے اٹھ کر تِرے بام تک نہ پہنچے
تیشہ زنی اکارت،۔ بے سُود سر فروشی
وہ جُوئے شِیر بھی کیا جو عوام تک نہ پہنچے
بکتے ہیں ہمیں آپ خریدار ہمیں ہیں
یہ طرفہ تماشا سر بازار ہمیں ہیں
بلبل ہمیں زینت وہ گلزار ہمیں ہیں
ہر پھول میں ہر پھل میں نمودار ہمیں ہیں
دل ہم میں سدا رہتا ہے ہم رہتے ہیں دل میں
ہم آپ ہی دل دادہ ہیں دلدار ہمیں ہیں
درد روتا ہے درد دے کے مجھے
سرخ بھی زرد ہو گیا ہے اب
تم مجھے درد دے نہیں سکتے
درد ہمدرد ہو گیا ہے اب
اب کسی سے نہیں کوئی الفت
دل یہ بے درد ہو گیا ہے اب
ماہیا/ثلاثی/سہ حرفی/*ہائیکو/تروینی/ترائلے
سارے رستے تو ہو گئے مسدود
کاش وہ خود بخود چلے آئیں
کسی صورت کسی بہانے سے
اکرم کلیم
ہجرتوں کے سفر
مگر ہم دربدر لوگوں کی بھی اپنی کہانی ہے
پلٹ کر کس طرح جائیں
تذبذب کی اتھاہ گہرائیوں میں ڈوبے رہتے ہیں
یہاں ٹھہریں وہاں جائیں
کدھر ہم کوچ کر جائیں
جمیل احسن
زعفرانی کلام
تیری میری ذات کا میل
کِیکر پر انگُور کی بیل
جاہل بن بیٹے سُلطان
عالم فاضل بیچیں تیل
دو ہی انت سیاست کے
کُرسی یا اڈیالہ جیل
جواب چیخ اٹھے ہیں سوال چیخ اٹھے
کہیں پہ لفظ کہیں پر خیال چیخ اٹھے
دکھا یہ خواب کہ کل رات مر گیا ہوں میں
گناہ جتنے تھے سب حسب حال چیخ اٹھے
کہیں امام کہیں مقتدی ملے جاہل
اذانیں سن کے ہماری بلال چیخ اٹھے
کوئی قصہ نیا سنا کر دیکھ
حرف سے حرف کو ملا کر دیکھ
جو بھی چادر بچھا کے بیٹھا ہے
اس سے نظریں سبھی ملا کر دیکھ
حیلہ گر ہے کسی ندامت میں
اس کو رستہ کوئی دکھا کر دیکھ
بابِ حضورﷺ میں
اے ہواؤ، دریاؤ، ابر پارو
جب تک وہاں سے گزرنا
کچھ ہوا
اور پانی
اپنے ساتھ لے آنا
کہ ہم بہت پیاسے ہیں
کم نصیبی
مہربان گاؤں کے
لوگ اور گھر سارے
جھیل، راستے، جھرنے
سائباں شجر سارے
منتظر ہی رہتے ہیں
وہ اپنی ذات میں گم تھا نڈھال ایسا تھا
مزاج پوچھنے والے کا حال ایسا تھا
کوئی چراغ سا چہرہ ادھر نہیں آیا
میں نا مراد تھا یارو کہ سال ایسا تھا
دبا دیا تھا کسی ہاتھ کو اندھیرے میں
وہ جان جائے گا میرا خیال ایسا تھا
اس دل نے رلایا ہے اک بار مجھے پھر سے
اس دل نے مجھے پھر سے وہ یاد دلائی ہے
یہ کیسی جدائی ہے جو ختم نہیں ہوتی
یہ کیسی اداسی ہے اس دل پہ جو چھائی ہے
میں نے ہی محبت کا اظہار کیا پہلے
میں نے ہی اسے جا کر یہ بات بتائی ہے
یہ کس مقام پہ آ کر ٹھہر گئی دنیا
ہمیں تو خواب سے محروم کر گئی دنیا
غریب پر تو ستم ڈھا رہی تھی رہ رہ کر
امیر سامنے آیا تو ڈر گئی دنیا
کہا تھا مجھ کو مصیبت میں کام آئے گی
ستم ہے قول سے اپنے مُکر گئی دنیا
بوجھل ہوں سر پہ بوجھ اٹھایا ہوا تو ہے
مشکل میں ہوں خدا کو بتایا ہوا تو ہے
اور اب تو یار دوست بھی کرنے لگے سوال
کچھ دن سے ایک رنگ سا آیا ہوا تو ہے
اس نے بھی ایک بیل اگائی ہے اس طرف
ہم نے بھی ایک پیڑ لگایا ہوا تو ہے
کوفہ مزاج شہر میں رونے کا فائدہ؟
بس دیکھتے ہیں دور سے ماتم تماش بین
درویش کی دھمال پہ فتوے لگائیں گے
مرشد کے التفات سے برہم تماش بین
گھنگرو کی خستگی پہ سبھی معترض تو ہیں
ٹخنوں کے زخم دیکھتے ہیں کم تماش بین
گئے ہیں دیس کو ہم اپنے چھوڑ کر بھی نہیں
مہاجرت کے لیے شرط اب سفر بھی نہیں
اسی جہان میں رہتے ہیں خوبرو ایسے
یقین مجھ کو ہوا اس کو دیکھ کر بھی نہیں
مرے وجود میں گھل مل کے کر گیا تنہا
وہ ایک شخص جو آیا کبھی نظر بھی نہیں
فرصتِ مرہمی نہ تھی، زخم چِھلا، چِھلا رہا
صبح سے شام تک وہی کام کا سِلسلہ رہا
ذہن میں وحشتیں نہ ہوں، دل تو ہو پر زِ درد و غم
مانا کہ خام تھا جنوں، شوق بھی بے صِلہ رہا؟
جوشِ نمو بھی ہے بجا، لمحے بھی ہیں طرب فزا
خدشہ سا دل میں ہے کہ وقت، سَم تو نہیں پلا رہا
وہ دُشمن ہو گیا اچھا ہُوا ہے
یہ لمحہ دل پہ اب لِکھا ہوا ہے
مگر سچ ہے کہ وہ بہکا ہوا ہے
مگر اے دل وہ کیوں بہکا ہوا ہے
بلائیں لے رہے تھے لوگ سارے
مگر بچہ ہے پھر سہما ہوا ہے
سوختہ کشتی کا ملبہ میں مرا دل اور شام
غمزدہ اترے ہوئے دریا کا ساحل اور شام
رات کے اک پیشرس تارے کی دھڑکن تیز تیز
آنکھ میں سہمے ہوئے خوابوں کی جھلمل اور شام
خستگی سے چُور پاؤں حسرتِ واماندگی
کہر میں ڈُوبی ہوئی موہوم منزل اور شام
ہماری زیست میں کچھ ایسے مہ و شاں گزرے
زمیں پہ جیسے ستاروں کے کارواں گزرے
متاع زیست سمجھ کر اسے سمیٹ لیا
تِرے لیے جو ستم ہائے آسماں گزرے
خود اپنے حال پہ آنکھوں میں آ گئے آنسو
تِرے خیال میں کیا کیا نہیں گُماں گزرے
آوازوں کے بلوے سے جب ننگے سر خاموشی گزری
خاک اڑاتی ساتھ میں زندہ غیرت کی اک لاش بھی گزری
کوچہ بہ کوچہ قریہ بہ قریہ پشتِ خمیدہ سے جکڑی
طوق و سلاسل کے ہمراہ زنجیر بھی شور مچاتی گزری
لاکھوں تماشائی آنکھوں کے بیچ جھکا کر اپنا سر
بے مقنع تصویر حیا کی آنکھ سے خون بہاتی گزری
گردن سے جدا کر دو، لو حاضر ہے مِرا سر
میں کہہ نہیں سکتا کبھی قطرے کو سمندر
ہے جام سخن اصل میں آگاہی کا ساغر
کہتے ہیں جسے شاعری حکمت ہے سراسر
زردار! اگر تجھ کو خوشی چاہیے سچی
محتاج کی، مفلس کی، غریبوں کی مدد کر
عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
تِری اِک چشمِ رحمت سے تِرا بیمار بہتر ہے
ہزاروں طِبی نسخوں سے نگاہِ یار بہتر ہے
جگہ مِل جائے گر پاپوش گاهِ یار میں مجھ کو
خوشا یہ مسندِ طاؤس سے صد بار بہتر ہے
شہنشاہی سے بڑھ کر ہے تِری پاپوش برداری
سکندر سے تِرا اِک خادمِ دربار بہتر ہے
جوانی کتنی چھوٹی ہے
کہ میں سادہ سی لڑکی تھی
نہ بنتی تھی سنورتی تھی
مِرا بس دوش اتنا ہے
کہ میں خوابوں پہ مرتی تھی
نہ اشکوں سے مراسم تھے
میں ہر حالت پہ ہسنتی تھی
لاکھ میں نے تجھے چھپانا ہے
تیری خوشبو نے پھیل جانا ہے
ہم کو سچ بولنے کی عادت ہے
ہم نے نقصان تو اٹھانا ہے
ہم سلامت رہیں گے باہر سے
ہم نے اندر سے ٹوٹ جانا ہے
تمام عمر ہی کھاتا رہا جو مال غلط
بتاؤ کیسے نہ اٹھے گی اس کی آل غلط
کچھ ایسے لوگ بھی شامل ہیں بزمِ خوباں میں
غلط ہے ماضی کسی کا کسی کا حال غلط
تمہارے حسن کو تشبیہ دوں تو کس شے سے
تمہارے حسن نے کر دی ہے ہر مثال غلط
جہاں میں رہتا ہوں
وہاں استنبول کے پانیوں کو چوم کر ہوائیں آتی ہیں
یونس ایمرے کی داستان محبت میں
خالدہ ادیب خانم کے رتجگوں میں گونجتی
سنگدل قدموں کی آہٹیں، اداس صفحوں کی سرسراہٹیں سناتی ہیں
گھنے جنگلوں میں بارش کی بوندیں اذیت میں سسکتی ہیں
تمہاری بزم میں محروم جام ہم بھی تھے
فقط رقیب نہیں تشنہ کام ہم بھی تھے
فقیہ شہر نے گمراہ کر دیا ورنہ
صفت شناس حلال و حرام ہم بھی تھے
عمامہ بند و قبا پوشگاں کا ذکر ہی کیا
ترے حضور میں با احترام ہم بھی تھے
رات بنجر ہوئی
کوئی اکھوا نہیں پھُوٹتا
رات کی زرد ٹہنی کی کمزور بانہیں کسی پھُول کی آرزو سے تہی
رات بنجر ہوئی کوکھ جیسی ہوئی، یعنی بے آرزو
کوئی ہنگامہ خیزی نہ سیلِ بلا خیز کا سامنا
ایک تیرہ شبی جس میں ذوقِ نمو کا گُزر تک نہیں
جہاں تم نے چھوڑا ہے
جاؤ
دل پہ بندش لگا سکتا ہے کون؟
جاؤ اسی کی طرف جاؤ
جس کے خوابوں آنکھیں مخمور ہیں تمہاری
جاؤ اسی کی طرف جاؤ
میں تو یہیں ہوں
کب ہوئی ہے سحر ہم نہیں جانتے
رات ہے یا سحر ہم نہیں جانتے
کیسے ہو گی بسر ہم نہیں جانتے
آپ ہیں جان اگر تو جگر ہم بھی ہیں
فرق جان و جگر ہم نہیں جانتے
غم دل کی دوا کوئی نہیں ہے
ہمیں ان سے گلہ کوئی نہیں ہے
وفا کے راستوں میں کھو گیا دل
کہاں ڈھونڈوں پتا کوئی نہیں ہے
جھکا دوں گا میں سر قدموں پہ جس کے
وہ تم ہو دوسرا کوئی نہیں ہے
اک پھول جیسی شکل نظر آ گئی کوئی
خوشبو کے ساتھ ساتھ چلی تازگی کوئی
اس شہرِ بے چراغ کی وحشت پہ کیا کہوں
اپنا بھی لگ رہا ہے مجھے اجنبی کوئی
پتھر مزاج مجھ کو دکھانے سے پیشتر
ثابت تو کر، کہ تو بھی نہیں سامری کوئی