Monday, 26 October 2026

جس شخص کو عذاب الٰہی کا ڈر نہیں

 جس شخص کو عذابِ الٰہی کا ڈر نہیں

کچھ بھی دماغ اپنا کھپاؤ،۔ اثر نہیں

دہشت میں دن گُزر تو گئے ہیں کسی طرح

کیسے کٹے گی رات کسی کی خبر نہیں

گھر میں جوان بیٹی ہو تنہا تو باپ کو

لازم کسی بھی حال میں قصدِ سفر نہیں

سینہ سِپر ہو ظالم و جابر کے سامنے

اس سرزمیں پہ کیا کوئی ایسا بشر نہیں

غصہ میں دل بہت تمہیں اُکسائے گا مگر

ماں باپ سے بغیر اجازت سفر نہیں

کوثر صراطِ عشق کی تمثیل اس طرح

شِدّت کی دُھوپ اور کہیں بھی شجر نہیں


معین الدین کوثر

No comments:

Post a Comment