کہنے کو تو وہ میرا کہا مان کر گیا
لیکن وہ میری ذات کو سُنسان کر گیا
جھولی میں بھر کے لے گیا میرے تمام دُکھ
اپنی ہنسی کے پھول مجھے دان کر گیا
لگتا ہے اس کے دم سے ہی رونق تھی چار سُو
چہرہ وہی رہا مگر آنکھیں بدل گئیں
اک پل میں مجھ کو جان سے انجان کر گیا
اُس سے کہوں گا راستے اپنے جدا ہوئے
ہر بار اپنے دل میں یہی ٹھان کر گیا
جاناں! تمہاری یاد کا پیکر اجالنے
اُن راستوں پہ جب بھی گیا، جان کر گیا
لفظوں کے تیر کھائے بنا سب سمجھ گیا
لہجہ تمہاری آنکھ کا، احسان کر گیا
جو اُس کے ذکر سے بھی گریزاں رہا بہت
ایسے جدا ہوا، مجھے حیران کر گیا
اپنے ہر ایک خواب کی پرچھائیں چھین کر
وہ، اشک میری آنکھ میں مہمان کر گیا
عاطف سعید
No comments:
Post a Comment