عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
اک نشاں بے نشان سے نکلا
طیبہ میں آن بان سے نکلا
جو درودِ رسولﷺ پڑھتا رہا
کامیاب امتحان سے نکلا
حرف تھا وہ خدائے بر تر کا
جو نبیﷺ کی زبان سے نکلا
کون ہے وہ سوائے آقاﷺ کے
جو زمان و مکان سے نکلا
وہ خدا ہیں، نہ ہم سے بندے ہیں
راستہ درمیان سے نکلا
چہچہا کر مدیحِ سرورﷺ میں
طائرِ رُوح جان سے نکلا
سیدھا جاؤں گا ان کی خدمت میں
جب بھی میں اس جہان سے نکلا
ہمرکابی میں جبرائیلؑ رہا
سیر کو کوئی شان سے نکلا
ذکرِ صلِ علیٰ وہاں بھی تھا
گُودا جب استخوان سے نکلا
فضلِ رب سے نبیؐ کی شان میں تھا
شعر جو بھی زبان سے نکلا
جس نے کچھ کم درود پاک پڑھا
وہ مِرے خاندان سے نکلا
جس کو محمود جان پیاری تھی
عشق کی داستان سے نکلا
راجا رشید محمود
No comments:
Post a Comment