Friday 28 July 2023

جس وقت بہت پیاس سے گھبرائی سکینہ

عارفانہ کلام حمد نعت منقبت سلام


جس وقت بہت پیاس سے گھبرائی سکینہؑ

دروازے پہ اک مشک اٹھا لائی سکینہؑ

عباسؑ نے پوچھا کہ کہاں آئ سکینہؑ

رو رو کے یہ کہنے لگی دکھ پائی سکینہؑ

صدقے گئی یا مشک میں پانی مجھے لا دو

یا اب لبِ دریا کی مجھے راہ بتا دو


عباسؑ نے فرمایا؛ چچا تم پہ ہو قربان

تُو جائے گی دریا پہ ہے کس سمت تِرا دھیان

ہر چند کہ پیاری تُو ابھی بچی ہے نادان

پر اہلِ ستم دیویں گے طعنے یہ مِری جان

پانی کے لیے خیمہ سے روتی نکل آئی

خاتونِؑ قیامت کی ہے پوتی نکل آئی


جب تیر لگا مشک پہ اور بہ گیا پانی

تھی یاد سکینہؑ کی اسے تشنہ دہانی

گھوڑے سے گرا حیدرؑ کرار کا جانی

میں کیا کہوں جس طور سے کی اشک فشانی

ریتی پہ گرا عاشق و شیدائے سکینہؑ

ہر مرتبہ کہتا تھا یہی؛ ہائے سکینہؑ


دلگیر لکھنوی

لالہ چھنو لال دلگیر

No comments:

Post a Comment