Sunday, 30 July 2023

اب میری نگاہوں میں جچتا نہیں کوئی

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


اب میری نگاہوں میں جچتا نہیں کوئی

جیسے میرے سرکارؐ ہیں ایسا نہیں کوئی

تم سا تو حسیں آنکھ نے دیکھا نہیں کوئی

یہ شان لطافت ہے کہ سایہ نہیں کوئی

اے ظرف نظر دیکھ مگر دیکھ ادب سے

سرکارؐ کا جلوہ ہے تماشہ نہیں کوئی

کہتی ہے یہی طور سے اب تک شبِ معراج

دیدار کی طاقت ہو تو پردہ نہیں کوئی

ہوتا ہے جہاں ذکر محمدﷺ کے کرم کا

اس بزم میں محرومِ تمنا نہیں کوئی

اعزاز یہ حاصل ہے تو حاصل ہے زمیں کو

افلاک پہ تو گنبدِ خضرا نہیں کوئی

سرکارِ کی رحمت نے مگر خوب نوازا

یہ سچ ہے کہ خالد سا نکما نہیں کوئی


خالد محمود خالد

خالد نقشبندی

No comments:

Post a Comment