Wednesday, 26 July 2023

تا حشر ہو گئی وہ عبادت حسین کی

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت سلام


تا حشر ہو گئی وہ عبادت حسینؑ کی

بے مثل راہِ حق میں شہادت حسینؑ کی

برکت غمِ حسینؑ میں روزافزوں یوں نہیں

مقصد سے کی خدا نے وِلادت حسینؑ کی

تقلید پرورِش میں تھی ماؤں کی کچھ نہ کم

آئی کہاں کسی میں سعادت حسینؑ کی

عباسؑ جاں نثار، نہ آئے پلٹ کے جب

ناناؐ نے غم میں کی تھی عیادت حسینؑ کی

کوشش کریں یزِید کے جتنے بھی پیروکار

جاتی ہے کب دلوں سے ارادت حسینؑ کی

پسپا کسی بھی طور سے ہونے کے ہم نہیں

دِل سے رہے قبول قیادت حسینؑ کی

تھے کام سب حسینؑ کے ایمان و دل کے ساتھ

تکمیل کچھ نہ کرتی تھی عادت حسینؑ کی


شفیق خلش

No comments:

Post a Comment