عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
بہ اذنِ خدا، ہر دو عالم کے سرورﷺ
ہیں محبوبِ داورﷺ، وہ ماہِ منورﷺ
خیالوں پہ چھایا ہے روضے کا منظر
عجب کیف میں ہے مدینے کا زائر
بھُلا دوں میں کیسے مواجہ وہ منبر
وہ اسرا کا دولہا، وہ سِدرہ کا طائر
چلے جب ہوائے سحر گنگنا کر
فضاؤں میں گھولے سدا مشک و عنبر
رہوں محوِ وردِ ثنائے، محمدﷺ
سدا ہو زباں اُنؐ کی توصیف سے تر
ستارے بھی، مہر و قمر، پا رہے ہیں
ضیائے رُخِ سرورِ دیںﷺ، برابر
وہاں پر نہ کیوں رحمتوں کی ہو بارش
جہاں شاہﷺ کی پیروی ہو سراسر
اگر ڈال دیں وہ نگاہِ کرم تو
بنے زیست کا ایک اک پل معطر
چلا قافلہ بارِ دیگر، مدینے
چلوں میں بھی گر ہو مِرا بخت یاور
ہے پہچان اُنؐ کو بھی میرے نبیﷺ کی
پڑھیں بند مُٹھی میں کلمہ جو کنکر
میں نسبت سے اُنؐ کی رہوں با ثمر یوں
ملے اک حضوری کی انمول چادر
بزرگی ہے بعد از خدا بس اُنہیؐ کی
ہیں مختارِ کُل، وہ رسولوں کے داور
دمِ آخریں اُنﷺ کی، دہلیز پر ہو
مدینے کی ہو خاک مجھ کو، میسر
نگہ متلاشی ہو دیدِ نبیﷺ کی
ہو وقتِ نزع آپؐ کا در، مرا سر
لکھے جس قلم سے شہا نعت زینب
ہو وہ کاش روح الامیںؑ کا کوئی پر
سیدہ زینب سروری قادری
No comments:
Post a Comment