عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
مجھ پر مِرے حضورؐ کا احسانِ نعت ہے
میرے لیے کُھلا ہوا میدانِ نعت ہے
اُنؐ کا کرم جو ہو تو ہر اِک لفظ محترم
گر چاہیں وہؐ، غزل میں بھی اِمکانِ نعت ہے
گھر میں جو میرے رحمت و برکت ہے ہر گھڑی
قرآن کا وسیلہ ہے،۔ فیضانِ نعت ہے
شانِ رسولِ پاکﷺ میں نازل کیا گیا
یعنی قرآنِ پاک ہی قرآنِ نعت ہے
آقاﷺ! مجھے بھی شہرِ مدینہ بلائیے
مجھ کو بھی در پہ پڑھنے کا ارمانِ نعت ہے
گر میرے ٹُوٹے پُھوٹے یہ الفاظ ہوں قبول
بخشش کو میری کافی یہ دِیوانِ نعت ہے
رب سے اگر ہے پیار، اطاعت نبیﷺ کی کر
سب مؤمنوں سے رب کا یہ فرمانِ نعت ہے
ماں باپ میرے اور میں خود آپﷺ پر فدا
بس اِک یہی عقیدہ ہی ایمانِ نعت ہے
سیرت پہ اُنؐ کی چلنا ہو جب مقصدِ حیات
"ہر شعبۂ حیات میں اِمکانِ نعت ہے"
اشرف میں ہر گھڑی تھا گُماں میں گِھرا ہوا
گر پُر یقیں ہوں آج تو اِیقانِ نعت ہے
اشرف نقوی
No comments:
Post a Comment