Friday, 29 December 2023

کر دے کرشمہ ایسا عبور کتاب دے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


کر دے کرشمہ ایسا عبورِ کتاب دے

دینا تو جس کو چاہے اسے بے حساب دے

سُورج کی آرزو میں کُچل ڈالی کہکشاں

کس خاک میں تھے کتنے ستارے حساب دے

رحمت کے ساتھ چاہوں رضائے خُدا بھی ہو

محشر کے روز بخش نہ کوئی عتاب دے

یوں آئینے سے دل کے تو ہر زنگ کو مٹا

اس دل کے آئینے کو نئی آب تاب دے

پہنچوں جو میں سلام، ملائک مجھے کہیں

بخشش ہو یوں کہ ساقیٔ کوثر شراب دے

اب عشق کا گُناہ تو سرزد ہوا ہی ہے

چاہے عذاب دے تُو کہ چاہے ثواب دے

اب روز کی طرح تُو، نہ یوں لیت و لعل کر

کر در گُزر گُناہ تو مثبت جواب دے

جلوہ عطا ہو حشر کے میدان میں مجھے

اور مستزاد مجھ کو تُو جلوے کی تاب دے


شمسہ نجم

No comments:

Post a Comment