Tuesday 26 December 2023

میرے آقا جسے اک جام پلا دیتے ہیں

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


میرے آقاﷺ جسے اک جام پلا دیتے ہیں

اس کے خوابیدہ مُقدر کو جگا دیتے ہیں

جس کو سرکارﷺ دِکھاتے ہیں جمالِ انور

اس کی آنکھوں سے حجابات اُٹھا دیتے ہیں

جس پہ اندازِ کریمی سے نظر کرتے ہیں

دل سے عصیاں کی سیاہی کو مِٹا دیتے ہیں

دے کے پیغام خُدا حُسنِ عمل سے اپنے

راہ گُم کردوں کو خالق سے مِلا دیتے ہیں

فیضِ صُحبت سے بدل دیتے ہیں دل کی دُنیا

سچ تو یہ ہے کہ وہﷺ انسان بنا دیتے ہیں

درس دے کر وہ محبّوں کو صِلہ رحمی کا

زندگی کے انہیں آداب سِکھا دیتے ہیں

راہ میں اُن کی بِچھاتے ہیں جو خار و پتھر

بدلہ لینے کے عِوض اُنؐ کو دُعا دیتے ہیں

اپنے جلووں سے سکندر وہ لحد میں آ کر

قبرِ تاریک کو پُر نُور بنا دیتے ہیں


سکندر لکھنوی

No comments:

Post a Comment