Sunday 24 December 2023

یہ کائنات جس نے تخلیق کی عدم سے میرا خدا وہی ہے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت

میرا خُدا وہی ہے


یہ کائنات جس نے تخلیق کی عدم سے

قائم ہے نظمِ ہستی جس ذات کے کرم سے

نورِ ازل سے جس کے دنیا میں روشنی ہے

میرا خُدا وہی ہے، میرا خُدا وہی ہے


سب کی ضرورتوں کا سامان کرنے والا 

سارے جہاں پہ اپنا احسان کرنے والا

جس کے کرم سے سب کی بگڑی بنی ہوئی ہے

میرا خدا وہی ہے، میرا خدا وہی ہے


ہر ایک شے جہاں کی لیتی ہے نام جس کا

دیتا ہے ذرّہ ذرّہ ہم کو پیام جس کا

کاریگری ہے جس کی خشکی ہے یا تری ہے 

میرا خدا وہی ہے،۔ میرا خدا وہی ہے


آغاز جس کا کوئی، نہ اختتام جس کا 

عقل و حواس سے ہے اونچا مقام جس کا 

ہے جس کی جستجو میں عامی کہ فلسفی ہے

میرا خدا وہی ہے،۔ میرا خدا وہی ہے


پیغام مصطفیٰﷺ نے جس کا ہمیں سنایا

قرآن نے جہاں کو جس کا پتا بتایا

وہ جس کی بندگی میں دنیا کی زندگی ہے 

میرا خدا وہی ہے،۔ میرا خدا وہی ہے


دلدار احمد علوی

No comments:

Post a Comment