Saturday, 30 December 2023

زیر و زبر ہے دھڑکن تحریر ہے سوالی

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


زیر و زبر ہے دھڑکن تحریر ہے سوالی

در پر نبیؐ کے میری تقدیر ہے سوالی

خوابوں میں سبز گُنبد کا دلنشیں ہے منظر

ہو گا یہ کب حقیقت؟ تعبیر ہے سوالی

لب پر ہو نامِ احمدؐ جب میں جہاں سے جاؤں

رب سے مِری دُعا کی تاثیر ہے سوالی

کیا سوچنے لگے ہیں شبیرؑ سر جُھکائے

کیا جانِ مصطفیٰؐ کی تصویر ہے سوالی

آقاؐ کے در کی مجھ کو ہو جائے اب زیارت

پائے نجات غم کی زنجیر ہے سوالی

ہر لفظ میں تمہارے مفہومِ دِیں ہو مِینا

پیہم حدیثِ دل کی تفسیر ہے سوالی


مینا نقوی

No comments:

Post a Comment