Thursday, 28 December 2023

یاد آئی ہے مدینے کی رلانے کے لیے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


یاد آئی ہے مدینے کی رلانے کے لیے

اشک بے تاب ہیں برسات منانے کے لیے

آپﷺ کی بندہ نوازی کے تصدق جاؤں

اِذن عاصی کو عطا کیجیے آنے کے لیے

غم کے طوفاں میں ہے سرکارؐ سفینہ دل کا

نا خدا! آئیے، ساحل پہ لگانے کے لیے

اپنے ہی در کا بنا لیجیے سرکارﷺ مجھے

یہ گدا جائے کہاں ٹھوکریں کھانے کے لیے

آپؐ ہی رحمتِ عالم ہیں مِرے آقاﷺ ہیں

دل کے ناسُور کسے جاؤں دِکھانے کے لیے

ہم ہیں محتاج،۔ ہمیں صدقۂ حسنینؑ ملے

آپؐ کے در کی سخاوت ہے زمانے کے لیے

اک اشارہ بھی سرِ حشر بہت ہے آقاﷺ

ہم گنہگاروں کو دوزخ سے بچانے کے لیے

بے طلب بھی وہ کرم کرتے ہیں مہجوروں پہ

ان کی رحمت ہے ہمہ وقت زمانے کے لیے

دو گھڑی بیٹھ کے سستا لو سکندر تم بھی

یہ سمجھ کر کہ یہاں آئے ہو جانے کے لیے


سکندر لکھنوی

No comments:

Post a Comment