Wednesday, 27 December 2023

میں خواب نور سے بیدار ہو کے آیا ہوں

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


میں خوابِ نُور سے بیدار ہو کے آیا ہوں

نبیؐ کے عشق سے سرشار ہو کے آیا ہوں

ہو انﷺ کی محفلِ میلاد کا بیاں کیسے

میں گویا آپؐ کے دربار ہو کے آیا ہوں

میں جان دے دوں گا آقاؐ تمہاری عزت پر

میں گھر سے ہر طرح تیار ہو کے آیا ہوں

حضورؐ دامن رحمت میں ڈھانپ لو مجھ کو

جہان والوں سے بیزار ہو کے آیا ہوں

خدا کا شکر ہے میں خاکدانِ ہستی پر

غلام سیدِ ابرارﷺ ہو کے آیا ہوں

یہ انؐ کی نعت کا اعجاز ہی تو ہے دانش

میں آج صاحبِ گُفتار ہو کے آیا ہوں


اعجاز دانش

No comments:

Post a Comment