Monday, 25 December 2023

کیا غم اگر غموں کی ہے کثرت درود پڑھ

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


کیا غم اگر غموں کی ہے کثرت درودﷺ پڑھ

پائے گا دل سکوں کی لذت درودﷺ پڑھ

تڑپائے جب بھی کوئی مصیبت درود پڑھ

پہنچے گی دستِ غیب سے نصرت درود پڑھ

پڑھ، ہاں بصد خلوص و عقیدت درود پڑھ

فرمائیں گے حضورﷺ سماعت درود پڑھ

جنت میں چاہتا ہے سکونت درود پڑھ

رب کی قسم! ہے مُوجبِ جنت درود پڑھ

بن جا فلک مقام فرشتوں کا ہم زباں

پڑھتی ہے قدسیوں کی جماعت درود پڑھ

اللہ کو پسند بہت ہے درودِ پاکﷺ

اللہ کی جو چاہیے قُربت درودﷺ پڑھ

ان کے لیے تو رحمت و برکت کی کر دُعا

تیرے مکاں میں اُترے گی برکت درود پڑھ

تشریف لائیں گے وہ شبستانِ خواب میں

اے کیفِ انتظارِ زیارت! درودﷺ پڑھ

حُبِ رسولؐ بڑھتا ہے فیضِ درود سے

بڑھ جائے گی نبیؐ سے محبت درود پڑھ

عصیاں معاف ہوتے ہیں ملتی ہیں رحمتیں

اے طالبِ معافی و رحمت! درود پڑھ

ایمانی زندگی کی شہادت درودﷺ ہے

دے اپنی زندگی کی شہادت درود پڑھ

صلّوا علیہ کہہ کے خدا دے رہا ہے حُکم

واجب ہے امرِ رب کی اطاعت درود پڑھ

یہ حکم مومنوں کے لیے فضل خاص ہے

بھائی! سمیٹ رب کی یہ نعمت درود پڑھ

اک بار پڑھ درودﷺ تو دس نیکیاں کما

ہے کتنے فائدے کی تجارت درودﷺ پڑھ

اس کا ہر ایک لفظ ہے سرمایۂ نجات

یہ ہے بہت عظیم عبادت درودﷺ پڑھ

اس سے دُعا پہنچتی ہے بابِ قبول تک

کُھلتا ہے اس سے بابِ اجابت درود پڑھ

آتی ہیں لا مکاں سے صدائیں درود کی

اللہ وحدہ کی ہے سنت درودﷺ پڑھ

یہ شغل ہے ترقئ درجات کا سبب

پھر تو بھی اے نصیر بکثرت درود پڑھ


نصیر سراجی

No comments:

Post a Comment