Thursday 21 December 2023

الفاظ محترم ہیں کہ نعت نبی کے ہیں

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


الفاظ محترم ہیں کہ نعتِ نبیﷺ کے ہیں

اوراق اور قلم مِرے سب روشنی کے ہیں

اشکوں سے حرف حرف کا چہرہ دُھلا ہوا

انداز مختلف مِری نامہ بری کے ہیں

ہر سمت چاند اور ستاروں کا ہے ہجوم

منظر کمال آپؐ کی روشن گلی کے ہیں

اللہ کے برگزیدہ رسولوں کی ذات میں

اوصاف جس قدر بھی ہیں میرے نبیؐ کے ہیں

زادِ سفر سنبھال کے رکھو کہ میں چلا

اسباب میرے ساتھ مِری حاضری کے ہیں

کیسے قدم اُٹھاؤں گا شہرِ حضورؐ میں

میرے تمام رابطے وارفتگی کے ہیں

آقاﷺ حضور، اجلی سحر کی تلاش میں

سورج پہ ہاتھ آج بھی تیرہ شبی کے ہیں

مجھ کو ہے حکم آگ کی بارش میں چپ رہوں

آقاﷺ، یہ سانحات مِری بے بسی کے ہیں

یہ تو خدا کے فضل پہ ہے منحصر ریاض

پروانۂ نجات، عمل کب کسی کے ہیں


ریاض حسین چودھری

No comments:

Post a Comment