Friday, 22 December 2023

بھلے بجھانے کی ضد پہ ہوا اڑی ہوئی ہے

 بھلے بُجھانے کی ضد پہ ہوا اڑی ہوئی ہے

مگر چراغ کی لو اور بھی بڑھی ہوئی ہے

میں سوچتا ہوں اسے سر پہ رکھ لیا جائے

زمین کب سے مِرے پاؤں میں پڑی ہوئی ہے

تمہارے لہجے کی لُکنت بتا رہی ہے مجھے

کہ تم نے خود سے ہی یہ داستاں گڑھی ہوئی ہے

کوئی بتائے غزالہ کو میں شکاری ہوں

وہ بے تکان مِری راہ میں کھڑی ہوئی ہے

یہ رنگ رنگ لباسوں میں کچھ نہیں ہے فراز

کہ سب کی اصل قبا خاک سے جڑی ہوئی ہے


فراز محمود فارز

No comments:

Post a Comment