Saturday, 4 September 2021

عصر کا پھول اگر عمر کے گلدان میں ہو

 عصر کا پھول اگر عمر کے گل دان میں ہو

سوکھ جانے کا زمانہ بھی مِرے دھیان میں ہو

جس کی چیزوں کو تو اک بار اگر رد کر دے

اس دکاندار پہ واجب ہے کہ نقصان میں ہو

دیوسائی کی زمینوں سے اٹھے میرا خمیر

اور مِرا اگلا جنم وادئ مکران میں ہو

ہلکے رنگوں میں خدا رکھتا نہیں کوئی کشش

مجھ سے مل کر بھی جدائی تِرے امکان میں ہو

شہر کو جاتے ہوئے شخص اسے غور سے دیکھ

کل یہ گاؤں تِری اولاد کی پہچان میں ہو

میں اندھیرے میں رکھوں پھر بھی مِرا شکر کرے

اتنی دانائی تو آخر مِِرے مہمان میں ہو

وقت کی نسل بڑھانے کا مقام آئے مگر

یہ ہنر صرف نئے دور کے انسان میں ہو

تیرنا آتا بھی ہو مجھ کو بھنور میں لیکن

ڈوب جانے کا طریقہ بھی مرے دھیان میں ہو

شام کا ہاتھ ہو تنہائی کے ہاتھوں میں منیر

ایک دنیا کی اداسی مِرے دالان میں ہو


منیر جعفری

No comments:

Post a Comment